پنڈ دادنخان: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’تجدید عہد وفا‘‘ سیمینار

ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیام امن کے لئے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔ چوہدری عرفان یوسف

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پنڈدادنخان کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 64 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ’’تجدید عہد وفا‘‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف اور مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن ایم ایس ایم ملک احمد حسن نے خصوصی شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ شیخ اسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی پوری زندگی انسانیت کیلئے وقف کر رکھی ہے۔ قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انہوں نے جو خدمات سرانجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف ان کا فتویٰ اسلام کے نام پر دہشتگردی پھیلانے والوں کیلئے لٹکتی تلوار ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کیخلاف نظریاتی، اعتقادی اور علمی محاذ پر جنگ کی اور اسلام کے تصور امن کو زندہ کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد حسن نے کہا کہ تاریخ کے دامن میں ایسی شخصیات خال خال ملتی ہیں جن کی بیک وقت سینکڑوں جہات پر خدمات ہوں ۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نہ صرف عالم دین ہیں بلکہ قانون دانی اور سیاست دانی میں بھی ان کے پائے کا کوئی دوسرا قائد پاکستان میں نہیں ہے۔

اس موقع پر صدر ایم ایس ایم پنڈدانخان وسیم وصی، نائب صدر راجہ عمر، جنرل سیکرٹری اویس مصطفوی، ہارون ملک جنرل سیکرٹری ٹوبہ، تیمور ملک، سلطان احمد اور فہد الحسن بھی موجود تھے۔

تبصرہ

Top