منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیر اہتمام عظیم الشان سالانہ میلاد کانفرنس

مورخہ: 10 مارچ 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کوپن ہیگن ڈنمارک کے زیر اہتمام مورخہ 10 مارچ 2012ء بروز ہفتہ عظیم الشان سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

میلاد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قاری ندیم اختر نے کلام الٰہی سے کیا، حمد باری تعالیٰ حلیمہ، ثانیہ اور صباء نے پیش کی۔ رخسانہ افضل، ہدا، فرح نوید، کوکب اوپل، منہاج یوتھ لیگ آما، مسرت جبیں، بیلہ جاوید، ثمیلہ قریشی، شمع ظہور اور منہاج سسٹرز نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ ڈینش زبان میں مریم ارشاد نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے نہایت ہی مختصر مگر جامع خطاب کیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن ڈنمارک کے امیر علامہ عبدالستار سراج تھے، انہوں نے اپنے خطاب میں محبت وعشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہمار ا تعلق بہت کمزور ہو گیا ہے اور ہم صرف باتوں کی حد تک نبی سے عشق ومحبت کا دعویٰ کرتے ہیں مگر عملی زندگی میں ان کی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد منانے کا مقصد جہاں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانا ہے وہیں ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی آنے والی نسلوں کے ایمان کو بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنا ہوگا تاکہ ہمارے ایمان کی حفاظت ہو سکے۔

کانفرنس کی نقابت کے فرائض زنیرا فاطمہ نے احسن انداز میں ادا کئے اور بڑی تعدادمیں خواتین نے ان کو اتنا خوبصورت پروگرام پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب اور کیسٹس کا سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں خواتین نے بہت دلچسپی کا اظہارکیا۔ پروگرام کا اختتام ناہیدسراج کی دعا سے ہوا ۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

Top