ڈنمارک: منہاج ویمن لیگ کا ملک گیر ورکرز کنونشن

مورخہ: 23 جون 2013ء

منہاج القرآن ویمن لیگ اور سسٹر لیگ ڈنمارک کے زیر اہتمام مورخہ 23جون کومنعقدہ ملک گیر ورکرز کنونشن سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ منہاج القرآن ڈنمارک کے چاروں مراکز کی ویمن لیگ، سسٹر لیگ اور متحرک خواتین کارکنان نے شرکت کی۔ ورکر کنونشن سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی تربیتی گفتگو کی اور قرآن و سنت کی روشنی میں دین اسلام کی خدمت کرنے والوں کی عظمت و فضیلت بیان کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی سے کیاگیا جس کی سعادت منہاج القرآن کی طالبہ فاطمہ نے حاصل کی۔منہاج ویمن لیگ کی ناظمہ اطلاعات شبانہ احمد نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچاور کئے۔منہاج ویمن لیگ ڈنمارک کی صدر نفیس فاطمہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور چاروں مراکز کی ویمن لیگ اور یوتھ لیگ سسٹر کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور سب خواتین نے اپنا تعارف پیش کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں نیکی اور بدی دونوں طاقتیں پائی جاتی ہیں، اللہ پاک نے ہر برے اور اچھے عمل کا انجام لکھ دیا ہے لیکن اچھا یا برا عمل کرنے کا اختیار انسان کے ہاتھ میں ہے کہ وہ کون سی راہ پرچلے۔انہوں نے مزید کہا کہ روح نیک اعمال سے طاقتور ہوتی ہے اور شیطان برے اعمال سے، ہم روح کی جماعت کے پیروکا ر ہیں ہم نے ایسے اعمال نہیں کرنے جن سے شیطان طاقتور ہو۔ ہم نے دیکھنا ہے کہ اگر ہمارے اعمال شیطان کو طاقتور کر رہے ہیں تو ہم نے ان اعمال کو چھوڑ دینا ہے اور ایسے اعمال کرنے ہیں جن سے روح طاقتور ہو۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید فرمایا کہ اللہ پاک اپنے خاص بندوں کو اپنے دین کی خدمت کے لیے چن لیتا ہے اور ان بندوں پر شیطان حملے بھی بہت کرتا ہے تاکہ اس کو نیکی کی راہ سے ہٹایا جا سکے اور ہم سب نے خود کو دنیا داری، جھوٹ، مکرو فریب، تعصب، شہوت پرستی جیسی بیمارویوں سے دور رکھنا ہے تاکہ ہم روح اور نفس کے معرکے میں روح کو جتوا سکیں اور ہم اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اطاعت گزار بندے بن جائیں۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہا ج سسٹر لیگ کی صدر مسرت ظہور احمد نے احسن انداز میں ادا کئے ۔ پروگرام کے آخر میں منہاج ویمن لیگ کی طرف سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ، برطانیہ اور ناروے سے آنے والے مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔

رپورٹ: شبانہ احمد(کوپن ہیگن)

تبصرہ

Top