ڈنمارک: قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور عرب شیوخ کی شرکت

منہاج القران انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکہ آراء تالیف قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چئیرمین سپریم کونسل منہاج القران انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ تقریب میں سکنڈے نیویا میں موجود عرب علما، شیوخ، اسکالرز اور سفارت کاروں، سیاسی و سماجی شخصیات، رفقاء و اراکین تحریک منہاج القران اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نوجوان عرب سکالر متین ڈیمریٹس نے تلاوت قرآن سے تقریب کا آغاز کیا۔ ڈنمارک میں جیلوں کے امام شیخ وسیم حسین نے اپنے انگلش خطاب میں بتایا کہ مختلف جیلوں میں ان سے دہشت گردی کے بارے اشکالات پہ سوالات ہوتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ شیخ الاسلام کا فتوی ان سوالات کے جوابات دیتا ہے اور انہیں اس پہ خوشی ہوتی ہے۔

ڈنمارک میں 32 سال سے اسلام کی خدمت کرنے والے عرب کمیونٹی کی سب سے قد آور شخصیت ڈاکٹر محمد فواد البرازی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہر گھر کی ضرورت ہے اور اس میں زندگی میں درپیش آنے والے تمام فکری معاملات کی الوہی گائیڈ لائن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن امن کے فروغ، انسانیت کے احترام، خدمت خلق اور علم کا کلچر دوبارہ زندہ کرنے پر صدہا مبارکباد کی مستحق ہے۔

شیخ بصری کرتش نے اپنے انگلش خطاب میں قرآن سے تعلق جوڑنے پہ زور دیتے ہوئے انسائیکلو پیڈیا کو اہم قرار دیا۔

شیخ حامد القاسم ایک بڑے مرکز کے امام ہیں اور شیخ الاسلام سے حدیث بالمسلسل کی سند بھی لے چکے ہیں، انہوں نے اور ڈاکٹر محی الدین ایونت نے اپنے عربی خطابات میں منہاج القرآن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

شیخ تاج الدین فرفور نے اپنے عربی خطاب میں قرآنی انسائیکلو پیڈیا کو امت مسلمہ کے لیے تحفہ قراردیا۔

شیخ صلاح الدین برکات نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو ایک بڑی انسانی خدمت قرار دیا اور اس کی تالیف پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کو مبارکباد دی۔ ان خطابات کے اردو تراجم علامہ ادریس الازہری نے انجام دیئے۔

تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بیک وقت عربی اور اردو زبان میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں اللہ رب العزت اپنے خاص بندوں کو قرآن کی تفہیم کی نعمت سے نوازتا ہے اور وہ اپنے زمانے میں اپنے لوگوں کیلئے قرآن فہمی کو آسان بناتے ہیں۔ یہ سلسلہ 14سو سال سے جاری و ساری ہے اور قیامت تک کے لیے جاری و ساری رہے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اللہ کی تائید و نصرت سے 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کیا، اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے ہر مکتب فکر اور ہر سطح کی علمی استعداد رکھنے والے افراد کے لیے قرآن پاک کو پڑھنا اور سمجھنا آسان بنا دیا ہے۔

تقریب شریک عرب سکالرز نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے ڈاکٹریٹ کے مقالے میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا جس میں آپ نے تاریخ انسانی کے پہلے دستور میثاق مدینہ کا امریکی، برطانوی اور یورپین دساتیر سے تقابلی مطالعہ کیا ہے اس میں میثاق مدینہ کی مختلف اسناد اور روایات پر تفصیلی تحقیق کے ساتھ ہر آرٹیکل پر انتہائی قوی دلائل موجود ہیں عربی زبان میں لکھا گیا یہ مقالہ اب ایک کویت کے معروف پبلشر دارالضیا نے ضخیم کتاب کی صورت میں شائع کیا ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے عرب سکالرز اور مصری سفارت خانے کے نمائندے کو یہ تصنیف اپنے دستخط کے ساتھ اور قرانی انسائیکلو پیڈیا تحفے میں دیا۔

رپورٹ : محمد منیر طاہر

تبصرہ

Top