منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے سابق صدر میاں محمد اکرام سپرد خاک

منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے سابق صدر اور دیرینہ رہنماء میاں محمد اکرام مورخہ 11 نومبر کو پاکستان میں آبائی شہر چک جھمرہ (فیصل آباد) میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے نائب ناظم میاں مقصوداکرام کے والد ہیں اور منہاج القرآن جرمنی کے بانی اور سینئر رہنماؤں میں شامل ہوتے تھے۔ میاں محمد اکرام صاحب (مرحوم) کی مشن مصطفوی مشن کی ترویج و اشاعت کیلئے تاریخی اور گرانقدر خدمات ہیں۔ مرحوم کی نماز جنارہ مورخہ بارہ نومبر بروز جمعرات ان کے آبائی گاؤں چک نمبر 189 رسول پور میں ادا کی گئی۔ نماز جنارہ امیر منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے پڑھائی۔ مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ و پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی ایم ملک، کوآرڈینیٹر امور خارجہ داؤد حسین مشہدی، میاں ممتاز احمد، سیکرٹری امور خارجہ محمد اشتیاق، منہاج القرآن فیصل آباد اور مقامی تنظیم کے عہدیداران کے علاوہ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد افضل ساہی سمیت علاقے کی معردف سیاسی وسماجی شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کینیڈا سے میاں مقصود اکرام سے اُن کے والد کی وفات پر ٹیلیفون پر تعزیت کی اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم جانثار، وفادار اور مخلص رہنماء تھے اور ان کی مشن مصطفوی کیلئے گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے صدقے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

تبصرہ

Top