منہاج مصالحتی کونسل کھاریاں کے دفتر کی افتتاحی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یکم نومبر 2009ء کو ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں میں "منہاج مصالحتی کونسل" کے دفتر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ پاکستان میں ناروے کے سفیر مسٹر روبرٹ کھویلے مہمان خصوصی تھے۔ دیگر معزز مہمانان گرامی میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع گجرات کے صدر چوہدری طاہر زمان کائرہ، ضلعی نائب ناظم گجرات میاں اصغر حیات، تحصیل نائب ناظم کھاریاں میاں عرفان نصیر، منہاج مصالحتی کونسل یورپ کے ایم ڈی اعجاز احمد وڑائچ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا شامل تھے۔

پاکستان میں نارویجن سفیر مسٹر رابرٹ کھویلے اور ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے جی ٹی روڈ کھاریاں پر واقع الفضل پلازہ میں منہاج مصالحتی کونسل کے دفتر کا افتتاح کیا۔ منہاج مصالحتی کونسل کے اس دفتر کو پرشکوہ بلڈنگ میں قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر منہاج مصالحتی کونسل یورپ کے ایم ڈی عجاز احمد وڑائچ، منہاج مصالحتی کونسل ناروے کے وائس چیئر مین زعیم شوکت اور سمیعہ ناز بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ دفتر کے افتتاح کے بعد مقامی تاج محل کے بینکویٹ ہال میں افتتاحی تقریب کا باقاعدہ طور پر انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ننھے منھے بچوں نے نارویجن سفیر مسٹر روبرٹ کھویلے کو خوش آمدید کیا۔ ننھے منھے بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے۔

منہاج مصالحتی کونسل کی افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اورنعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر میاں قمر محمود، عالیہ اکرام اور ارم عرفان نے مشترکہ طور پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔ منہاج مصالحتی کونسل یورپ کے ایم ڈی اعجاز احمد وڑائچ نے منہاج مصالحتی کونسل کے قیام کے اغراض و مقاصد، کونسل کے قیام کا پس منظر اور ناروے میں اس کے دائرہ کار اور حکومتی سطح پر اس کی پذیرائی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں 5 سال قبل ناروے میں منہاج مصالحتی کونسل کا پلیٹ فارم قائم کیا گیا۔ اس کے قیام کا بنیادی مقصد کمیونٹی یا معاشرے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے لوگوں کے چھوٹے اور بڑے تنازعات کو اس فورم پر بلا معاوضہ حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے مختلف ممالک جن میں سپین، اٹلی، یوکے، یونان اور فرانس شامل ہیں، منہاج مصالحتی کونسل کا تنظیمی نیٹ ورک کامیابی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

اس فورم کی بنیاد کے بعد سے آج تک الحمد اللہ نارویجن حکومت نے پاکستانی کمیونٹی کی طرف منہاج القرآن انٹرنیشنل کے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اس کام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پاکستان میں بھی اس کے قیام کی تجویز دی۔ منہاج مصالحتی کونسل کو اس جگہ قائم کیا گیا ہے جہاں ناروے کے شہری بھی آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کھاریاں میں منہاج مصالحتی کونسل کے پائلٹ پراجیکٹ کا پہلا دفتر قائم کیا گیاہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر نارویجن ایمبیسیڈر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیا کی وہ واحد عالمگیر اسلامی تحریک ہے جو اسلام کی اصل روح کو دنیا کے سامنے پیش کررہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالمی سطح پر اسلام کے خلاف ہونے والے منفی پراپیگنڈے کا علمی محاذ پر جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حقوق العباد اسلام کی اصل ہے اور اسلام حقوق العباد یعنی معاشرے میں رہنے والوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ اعجاز وڑائچ نے کہا کہ جس طرح ناروے میں ہماری کونسل پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کررہی ہے اس طرح پاکستان میں بھی اسی خدمت کے جذبے کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحصیل کھاریاں کی ان تمام مؤثر شخصیات اور تنظیمات سے التماس کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم مشن کو آگے بڑھانے کے لیے منہاج مصالحتی کونسل کا ساتھ دیں۔

تقریب میں پیپلز پارٹی ضلع گجرات کے صدر چوہدری طاہر زمان کائرہ نے کہا کہ میں سب سے پہلے مخلوق خدا اور انسانیت کی خدمت کے لیے منہاج مصالحتی کونسل کے قیام پر قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری عالمی سطح اسلام کی خدمت کر رہے ہیں اور وہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف عملی طور پر برسر پیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سن کر خوشی ہوئی کہ منہاج مصالحتی کونسل ناروے میں پاکستانی خاندانوں کے باہمی جھگڑوں اور دیگر معاملات کو بخوبی حل کررہی ہے۔

تقریب کے آخر میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت پوری دنیا میں اسلام سب سے زیادہ نہ سمجھا جانے والا دین بن چکا ہے۔ اس کی انتہاء یہ ہے کہ اسلام کو ماننے والے مسلمان بھی اسلام کو صحیح طور پر سمجھ نہیں سکے۔ حالانکہ دین اسلام کی ابتداء حصول علم اور فروغ علم و حکمت سے ہوئی ہے۔ اس کے برعکس دنیا میں سب سے کم شرح خواندگی مسلمانوں کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی بنیاد تعمیر ہے تخریب نہیں۔ سلامتی ہے وحشت اور دہشتگردی نہیں۔ نرمی و محبت ہے انتہاپسندی و سختی نہیں۔ محبت و اخوت ہے نفرت و قتل و غارت نہیں۔ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں پیغام محبت اور امن و سلامتی کو عام کررہی ہے۔ منہاج مصالحتی کونسل اس سلسلے کو جاری رکھنے کی عملی کاوش ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی مسٹر رابرٹ کھویلے نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج مصالحتی کونسل نے ناروے میں انتہائی مؤثر عملی کردار اداکیاہے۔ اس پر ہم اعجاز احمد وڑائچ کے شکر گزار ہیں کہ وہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں انسانیت کی خدمت کے عظیم مشن کے لیے کام کررہے ہیں۔ بلاشبہ منہاج مصالحتی کونسل ہمارے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہی ہے۔ ناروے میں یہ کونسل وہاں پر مقیم پاکستانی خاندانوں کے باہمی تنازعات کو ختم کرنے، ان کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ہماری گورنمنٹ کی مشکلات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ان خاندانوں کا زیادہ تر تعلق کھاریاں سے ہے یہاں پر منہاج مصالحتی کونسل کے دفتر کے قیام پر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کا بے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہمارے اور مصالحتی کونسل کے مابین تعلقات میں مزید پختگی آئے گی اور عوام کے مسائل ان کے گھروں میں ہی حل ہوا کریں گے۔

 

تقریب کے آخر میں محترم رانا محمد ادریس قادری نائب ناظم اعلیٰ نے منہاج مصالحتی کونسل کھاریاں کے منتخب اراکین جن میں صدر میاں قمر محمود، سلطان غنی، چوہدری صغیر اور چوہدری اشفاق ایڈووکیٹ شامل ہیں سے حلف لیا اور محترم سید فرحت حسین شاہ نے اختتامی دعا فرمائی۔

تبصرہ

Top