پاکستان ایسوسی ایشن ہانگ کانگ کے زیر اہتمام محفل میلاد میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی شرکت

مورخہ: 07 مارچ 2011ء

پاکستان ایسوسی ایشن ہانگ کانگ کے زیر اہتمام مورخہ 07 مارچ 2011ء بروز سوموار کو بعد نماز عشاء کلب ہال میں عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی۔ محفل میلاد کی صدارت قونصل جنرل آف پاکستان ڈاکٹر احمد بلال نے کی جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔

محفل میلاد کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری راشد نعمانی نے حاصل کی،  قاری صابر حسین صابری نے انتہائی خوبصورت انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ قونصل جنرل آف پاکستان ڈاکٹر احمد بلال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے ہالی ڈے ان اور کولون مسجد میں جو فکر انگیز گفتگو کی وہ نہایت اہم تھی، ہم نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہم اپنے فکر ودانش کے حلقہ میں ان خطابات کو ڈسکس کرتے ہیں اور ان شاء اللہ ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، جہاد اور قتال میں فرق ہے۔ جہاد کی مختلف اقسام ہیں جن میں جہاد بالعلم، جہاد بالعمل، جہاد بالمال، جہاد باالنفس اور جہاد بالسیف ہیں۔ جہاد بالسیف آخری درجہ ہے اور وہ بھی کڑی شرائط کے ساتھ اور جب حکومت وقت اعلان کرے تب اجازت ہے۔ ہر کسی کو گروپ بنا کر لڑنے کی اجازت نہیں، اسی طرز عمل نے اسلام کو بدنام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف مبسوط فتوی جاری فرما کر اسلام کے تصور جہاد کو واضح کیا اور اسلام کے حسین چہرے کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن شہزادہ سلیم احمد نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے صاحبزادہ حسین محی الدین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی تعلیمی مصروفیات سے وقت نکال کر اسلام کے امن پسند مذہب ہونے کا درس دینے کے لئے تشریف لائے۔ چیف امام کولون مسجد مفتی محمد ارشد اور مقامی علماء کرام نے بھی اپنے اپنے خطابات میں صدر فیڈرل کونسل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے خطاب کو سراہا۔ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ راشد نعمانی نے انتہائی محبت بھرے انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود  و سلام پیش کیا۔ پروگرام کی اختتامی دعا قاری عبدالرحمن چشتی نے کرائی۔ محفل میلاد کے بعد متعدد احباب نے منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کیا اور ممبر شپ حاصل کی۔ آخر میں پاکستان ایسوسی ایشن ہانگ کانگ کی جانب سے شرکاء کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

Top