منہاج یوتھ لیگ ماتلی کے زیراہتمام پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد

ماتلی () منہاج یوتھ لیگ ماتلی ضلع بدین کے زیراہتمام محرم الحرام کوپیغامِ شہادتِ امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیاگیاجس سے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کے شاگرد رشید مرکزی نائب ناظم دعوت منہاج القرآن علامہ سعیدالحسن طاہر نے انتہائی خوبصورتی سے امام عالی مقام علیہ السلام کی عظیم وبے مثال قربانی کا مقصد اور فکرِحسین علیہ السلام کو سامعین کے سامنے بیان کیا جسے تمام مکاتب فکر کے افراد بالخصوص نوجوانوں نے بہت سراہا۔

علامہ سعیدالحسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا امامِ عالی مقام علیہ السلام کی شہادت کسی جاہ ومنصب کے لئے نہیں تھی بلکہ وہ دین ابراہیم علیہ السلام کی بقاء اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شریعت بچانے کے لئے میدان کربلا کے ریگزارمیں اپنے خانوادے کے ہمراہ جام شہادت نوش کر گئے اور یزیدی طاغوتی نظام کے خلاف رہتی دنیا تک یہ علم جہاد بلند کر گئے۔ آج کے اس پرفتن دور میں بھی ہمیں اپنے اندرجذبہء حسینی بیدارکرنا ہوگا اوریزیدی ظالمانہ نظام کے خلاف صدائے حسین علیہ السلام بلندکرنا ہوگی اس لئے معاشرے کے ہر حسینی سوچ کے حامل شخص کو مصطفوی انقلاب کے لئے آگے آنا ہوگا۔

اس عظیم الشان کانفرنس میں مولاناہاشم طاہری، غلام حسین آزاد طاہری، حافظ اسداللہ میمن، حافظ قربان کریمی سمیت روحانی طلبہ جماعت کے وفد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی ومصطفوی انقلاب کے لئے خصوصی دعا کی گئی اس موقع پر شیخ الاسلام کی کتب اور سی ڈیز کا اسٹال بھی لگایا گیاجس سے کثیرتعداد میں افراد نے استفادہ کیا۔

تبصرہ

Top