اٹلی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام سیدہ فاطمۃ الزہرہ علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد

مورخہ: 20 جون 2015ء

Syeda Fatima-uz-Zahra Conference Syeda Fatima-uz-Zahra Conference

منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام مورخہ 20 جون 2015ء کو مرکز کارپی میں عظیم الشان سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام الناس کے علاوہ سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری مشتاق نے حاصل کی جبکہ بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کرنے والوں میں سیماب ظفر، ثقلین ظفر اور مرزا امتیاز شامل تھے۔ منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کے مرکزی عہدیداران جن میں صدر منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی افضال سیال، ناظم ساؤتھ اٹلی مختار احمد قادری صدر مرکز کارپی محمد اشرف بٹ اور نائب صدر مرزا امتیار نے بھی شر کت کی۔

اس موقع پر علامہ وقار احمد قادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی) نے سیدہ کائنات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات مجسمہ شرم وحیا اور وارث چادر تطہیر ہیں، ان کا نام لینے کے لئے زبان کا وضو چاہیئے کیونکہ پردہ ان کا زیور تھا۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے کہ اے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان سے فرما دیجیئے کہ اللہ تعالیٰ ان کو ایمان دینے کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کرتا مگر اہل بیت رضوان اللہ علیھم سے مودت کریں۔ مودت اور محبت میں فرق یہ ہے کہ محبت انسان کے دور ہونے سے بڑتی ہے اور جدائی میں بھی قائم رہتی ہے مگر مودت اس کو کہتے ہیں کہ اگر جدائی ہو جائے تو موت واقع ہوجاتی ہے جیسے مچھلی کو پانی کے ساتھ مودت ہے اگر مچھلی کو پانی سے باہر نکال لیا جائے تو چند ہی لمحات بعد مچھلی تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے دیتی ہے۔

Syeda Fatima-uz-Zahra Conference

انہوں نے کہا کہ اس گھرانے میں سے جس ہستی کا ذکر خاص ہے ان کی عظمت یہ ہے کہ جب وہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں تشریف لاتیں تو امام الانبیا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہو کر ان کا استقبال کرتے اور امام الانبیا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کھڑے ہونا جیسے ساری کی ساری نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کھڑے ہونا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کی شان میں فرمایا کہ حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا جنت کی عورتوں کی سردار ہیں، مزید فرمایا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا میرے جسم کا ٹکڑا ہے، جو ان سے محبت کرے گا وہ مجھ سے محبت کرے گا اور جو ان سے بغض رکھے گا اس کی میرے ساتھ دشمنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر تم قرآن اور اہل بیت اطہار رضوان اللہ اجمعین کے دامن سے وابسطہ ہو جاؤ گے تو یہ دونوں تمہیں جنت میں لے جائیں گی۔

علامہ وقار قادری نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اسی مودت کو عام کرنے کے لئے تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اللہ کا یہ پیغام عام کر رہی ہے کہ آئیے اس گھر سے ایسے محبت کریں جو مودت میں تبدیل ہو جائے۔ آخر میں درود و سلام و دعا کے بعد پرتکلف افطار پارٹی کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: حسن زمان

Syeda Fatima-uz-Zahra Conference

تبصرہ

Top