اٹلی: کارپی میں ’’سید الشہداء کانفرنس‘‘

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی  کارپی نے سالانہ ’’سید الشہداء کانفرنس‘‘ 14 اکتوبر 2016ء کو منعقد کی، جس میں آسٹریا سے تشریف لانے والے علامہ مدثر حسین اعوان مہمان خصوصی تھے۔ فرانس سے نعیم چوہدری نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ کانفرنس میں کارپی کے علاوہ ریجوایملیا مودنہ کے دیگر شہروں سے خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ اس پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت احمد علی نے حاصل کی۔ محمد فاروق اور سیماب طفر نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ افصال سیال، حافظ محمد عثمان اور عمر بلال نے منبقت پیش کی جبکہ مرزا امتیاز نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

علامہ مدثر حسین اعوان نے ’’محبت اہل بیت اطہار‘‘کے موضوع پر خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عالم انسانیت کو اخوت و محبت کا عظیم درس دیا۔  آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کو حق و صداقت کی طرف دعوت دی لیکن معاشرے کی اصلاح و تربیت کے صلے میں انہوں نے کسی فرد سے بھی کسی انعام کا تقاضا نہیں کیا بلکہ صرف اپنے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم اور قرابت داروں محبت کا درس دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے محبت کرنے والوں کو اپنے ساتھ جنت میں لے جانے کا وعدہ بھی فرمایا۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار کی محبت ہمارے ایمان کا بنیادی جز ہے، ان نفوس قدسیہ سے محبت کرنا نہ صرف حکم قرآنی بلکہ عقیدہ صحیحہ اور مسلمان کی پہچان بھی ہے۔ معرکہ کربلا تاریخ اسلام کا وہ عظیم باب ہے جو حسینی اور یزیدی کردار کے مابین تمیز کرنا سکھاتا ہے۔ دیار غیر میں رہتے ہوئے شہدائے کربلا کی یاد میں محافل سجانا بڑا مبارک اور باعثِ ثواب عمل ہے، اس کے ساتھ ہمیں اپنے اندر حسینی کردار بھی پیدا کرنا ہوگا۔ جو آج وقت کی اہم ضرور ت ہے۔

کانفرنس کے بہترین انتظام و انصرام کےلیے ایگزیکٹو منہاج القرآن، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج ویلفیئر نے اہم کردار ادا کیا۔ محفل کے اختتام پر حاجی اعجاز احمد نے سلام کا نذرانہ پیش کیا اور علامہ مدثر حسین اعوان نے دعا فرمائی۔ آخر پر شرکاء کانفرنس کے لیے لنگر حسینی کا بھرپور انتظام تھا۔

تبصرہ

Top