کالج آف شریعہ میں ایم فل کے نئے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

علم و دانش کی عظیم درس گاہ منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ میں 5 اکتوبر 2010ء کو ایم فل کی نئی کلاس میں آنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ منعقد ہوا۔ تقریب کو دانش ہال میں منعقد کیا گیا، اس تقریب میں ایک سالہ کورس مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات بھی شامل تھے۔

پروگرام کی صدارت کالج آف شریعہ میں علوم اسلامیہ و عربی فکلیٹی کے ڈین ڈاکٹرظہوراحمد اظہر نے کی جبکہ صدر شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالق داد ملک مہمان خصوصی تھے۔

 

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر ظہوراللہ الازہری (وائس پرنسپل کالج آف شریعہ)، ڈاکٹرعلی اکبرقادری (سینئرریسرچ سکالر FMRI و مدیر مجلہ منہاج القرآن)، پروفیسرڈاکٹر مسعود احمد مجاہد (انچارج ایم فل پروگرام)، میاں محمد عباس نقشبندی (کوآرڈینیٹر کالج آف شریعہ)، سید افتخار شاہ بخاری اور دیگراساتذہ کرام نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، اس کے بعد ڈاکٹر اصغر جاوید الازہری (صدر شعبہ علوم اسلامیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن ) نے استقبالیہ پیش کیا اور نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔

تقریب میں ایم فل کے مختلف طلبہ و طالبات نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے منہاج یونیورسٹی کے نظم و ضبط کو سراہا اور یہاں گروہی و مسلکی اختلافات و تعصبات سے بالاتر ماحول کی بھی تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ اور مہمانوں کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

رپورٹ : محمد یامین مصطفوی

تبصرہ

Top