عوامی استقبال جلسہ کی مرکزی کمیٹیوں کے ممبران سے شیخ الاسلام کی ملاقات

مینار پاکستان لاہور میں 23 دسمبر کو ہونے والے ’سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘ تاریخ ساز عوامی استقبال جلسے کے مرکزی منتظمین کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ خصوصی نشست 25 دسمبر 2012ء کو ہوئی۔ یہ پروگرام مرکزی سیکرٹریٹ کے ہال میں منعقد ہوا۔ جس میں منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ الاسلام کے پوتے صاحبزادہ حماد مطفیٰ المدنی اور احمد مصطفیٰ العربی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

امیر تحریک مسکین فیض الرحمٰن درانی، نائب امیر تحریک علامہ محمد صادق قریشی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سفیر یورپ علامہ حسن میر قادری، جی ایم ملک، بریگیڈیئر اقبال احمد خان، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، پروفیسر علامہ سہیل احمد صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر رفیق حبیب، سیکیورٹی چیف سید الطاف حسین شاہ، جواد حامد، ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، ڈائریکٹر منہاج ٹی وی ساجد فیاض، حبیب احمد کوکب سامی سمیت تمام مرکزی قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب ساڑھے 8 بجے تلاوت قرآن مجید اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ شیخ الاسلام کے پوتے حماد مصطفیٰ المدنی نے قصیدہ بردہ شریف، جبکہ احمد مصطفیٰ العربی نے اردو زبان میں نعت ‘فلک کے نظاروں’ بھی پڑھی۔ حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے عربی زبان میں نعت خوانی کی۔ اس کے بعد فراز عالم، نعت خواں خرم شہزاد اور ان کے ساتھیوں نے قومی و تحریکی ترانے بھی پپیش کیے۔ پروگرام کی کمپئرنگ علامہ وقاص علی قادری اور ہارون عباسی نے کی۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی موجودگی میں تمام مرکزی کمیٹیوں کی الگ الگ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ جس پر شیخ الاسلام نے بہت زیادہ خوشی کا اظہار کیا۔ آپ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے کامیاب ترین جلسے پر میرا دل بہت خوش ہے۔ اس جلسے نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے ہیں، جس کا سارا کریڈٹ میرے کارکنان کو جاتا ہے۔ اس کامیابی پر ہر کمیٹی کا سربراہ، سیکرٹری اور تمام ممبران و منتظمین لاکھوں بار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر کمیٹی کے سربراہ، سیکرٹری اور تمام ممبران کو کھڑے کر کے ان کے لیے تالیاں بھی بجائیں گئیں۔ جبکہ شیخ الاسلام نے خوش ہو کر تمام کمیٹیوں کے سربراہان کو پھولوں کے تحائف بھی پیش کیے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے تصور ریاست کو پیش کیا ہے۔ اس ملک میں عوام کے بنیادی حقوق بحال ہوں، غریب خوشحال ہو، امن ہو، عدل ہو، قانون کی حکمرانی ہو، معیشت مضبوط ہو، خارجہ پالیسی آزاد ہو۔ یہ سب پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق مطالبات ہیں۔ جس کے لیے ہم نے 10 جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ مطالبات نہ مانے گئے تو عوام 14 جنوری کے ملین مارچ کے لیے کمر کس لیں۔ آپ نے خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان 14 جنوری تک خصوصی وظیفہ ’حسبنااللہ و نعم الوکیل‘ اور ’نصر من اللہ و فتح قریب‘ باقاعدگی سے کریں۔ اس موقع پر حاضرین نے بلند آواز کے ساتھ ’حسبنااللہ و نعم الوکیل‘ اور ’نصر من اللہ و فتح قریب‘ کا وظیفہ کیا۔

پروگرام کے اختتام پر صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی نے عربی زبان میں کلام ’یانور العین‘ اپنے مخصوص انداز میں پڑھا۔ جس کے بعد شیخ الاسلام نے اختتامی دعا کرائی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top