منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین وزیرستان کیلئے 12ہزار خوراک کے پیکٹ روانہ کر دئیے

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین وزیرستان (IDPS) کیلئے 12ہزار خوراک کے پیکٹ 14ٹرکوں کے ذریعے روانہ کر دئیے۔ 14 ٹرکوں کے اس قافلے کو ڈاکٹر طاہرالقادری اورانکے بیٹے ڈاکٹرحسن محی الدین نے دعاؤں کے ساتھ روانہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک حسب روایات مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج اور متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ افواج پاکستان کی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور فوج پوری قوم کا فخر ہے۔ آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کرنے والے فتنہ و فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ قوم پہچان لے آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج کا کردار سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 12ہزار پیکٹ روانہ کر رہے ہیں اور باقی بہت جلد دوسرے مرحلے میں روانہ کر دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی موجودگی میں راشن کے بیگز میڈیا کو کھول کر دکھائے جن میں آٹا، چینی، گھی، چاول، دالیں اور اشیاء خودونوش شامل تھیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے IDP,sکی قربانیاں بھی یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اپنا گھر بار چھوڑا ہے انہیں ہر گز بے سہارا نہیں چھوڑا جائے گا۔ بہت جلد وقت آنے والا ہے جب ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top