لاہور: تحریک منہاج القرآن گلبرگ ٹاؤن بی کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب

تحریک منہاج القرآن گلبرگ ٹاؤن بی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر مکہ کالونی گلی نمبر 10 میں قائد ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے درینہ رفیق محمد اسلم بلوچ تھے۔ تقریب میں یونین کونسل 202، 200، 204، اور 206 سے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان سمیت خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز حافظ عبدالرحمٰن نے صحیفہ انقلاب کی تلاوت سے کیا۔ جامعہ غوثیہ رضویہ کے طلبہ نے نبی مکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درودوسلام پیش کیا، جبکہ مقرب سلطان، محمد یوسف قادری اور محمد شہزاد مدنی نے نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

تقریب سے علامہ حافظ محمد شرافت نے ’’عصر حاضر کے چیلنجز اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی تجدیدی خدمات‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نے تجدید و اقامت دین کے لئے ہر صدی میں مجدد پیدا کیے، جو اگلی صدی کے آغاز میں زمانہ کو درپیش چیلنجز میں امت کی راہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔ عصر حاضر میں اللہ تعالٰی نے ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی عظیم شخصیت عطا فرمائی جنہوں نے ہر میدان میں تجدیدی کام کر کے دنیا کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ اپنے پرائے سبھی ان کی تجدیدی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ہی تجدیدی کام ہے جس نے مادہ پرستی کی پستیوں میں گرتے ہوئے نوجوانوں کے سینوں میں عشق مصطفٰی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع روشن کر کے انہیں بے رہروی سے بچایا ہے۔ عصر حاضر میں درپیش چیلنجز اور سائنسی تخلیقات سے متعلق نہ صرف اسلامی حل پیش کیے ہیں بلکہ سائنسی علوم پر متواتر کتب لکھ کر اسلام کی حقانیت کو آشکار کیا ہے۔ شیخ الاسلام کی 1000 سے زائد کتب ان کی ہمہ جہت شخصیت کی آئینہ دار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کو سیاسی طور پر مسخ کرنے کی ناپاک کوششیں کی جارہی ہے۔ یہ مجدد رواں صدی طاہرالقادری ہی ہیں جنہوں نے نہ صرف علمی ذریعے سے بلکہ عملی سطح پر اس سازش کو بے نقاب کیا۔ اس وقت کا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے۔ یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ذات ہی ہے جس نے بانگ دہل اس ناسور کا علمی، فکری اور عملی سطح پر محاسبہ کیا۔ آج جس جگہ بھی دہشتگردی کے خاتمہ کا ذکر ہوتا ہے وہاں شیخ الاسلام کے فتویٰ اور ضرب امن کا تذکرہ ضرور ہوتا ہے۔

تقریب میں طیب خان رند نے امیر خسرو کا معروف "رنگ" پڑھ کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔

کارکنان کی طرف سے تقریب کی انتظامی و میزبان کمیٹی کے اراکین بالخصوص سرپرست محمد اجمل کیانی، محمد علی ہارون، محمد شاہد چوہان ، مقرب سلطان ، علامہ مقبول احمد شیرازی، رانا محمد سہیل، زاہد بشیر، تجمل حسین، مُستنصرحسین اور محمد شہزاد کو تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 65 ویں یوم ولادت کی خوشی میں 20 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء کو ضیافت پیش کی گئی۔

تبصرہ

Top