شہر اعتکاف میں ہزاروں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھ گئے۔

تحریک منہاج القرآن کے شہراعتکاف میں مورخہ 21 ستمبر 2008 ء کی شام ہزاروں فرزندان اسلام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کیساتھ اعتکاف بیٹھ گئے۔ فہم دین، تزکیہ نفس، اصلاح احوال، توبہ اور آنسووں کی بستی میں یہ 18 واں سالانہ شہر اعتکاف ہے جس میں معتکفین دس روز تک اعتکاف کریں گے۔

شہر اعتکاف میں معتکفین و معتکفات ایک روز قبل پہنچنا شروع ہو گئے تھے جبکہ 21 ستمبر کو علیٰ الصبح ہزاروں معتکفین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جو غروب آفتاب سے قبل تک جاری رہا۔ تحریک منہاج القرآن کی نظامت اجتماعات کے زیراہتمام ہونے والے شہر اعتکاف کو جامع المنہاج سے متصلہ گراؤنڈ تک پھیلا دیا گیا ہے جہاں الگ الگ اقامتی بلاکس بنائے گئے ہیں۔ اعتکاف کے شرکاء میں سے نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد امسال بھی شریک ہے۔ بزرگ معتکفین کی سہولت کے لئے الگ رہائش گاہیں بنائی گئی ہیں۔

معتکفین کی آمد کے پیش نظر شہر اعتکاف میں داخلہ کے لیے دس سے زائد مرکزی دروازے بنائے گئے جہاں انتہائی سخت سیکیورٹی کا انتظام تھا۔ دوسری طرف منہاج القرآن کالج برائے خواتین اور منہاج یونیورسٹی میں الگ سے اعتکاف گاہ قائم کی گئی ہے جہاں دنیا بھر سے ہزاروں خواتین معتکفات اعتکاف بیٹھ گئیں ہیں۔

شہر اعتکاف میں آنے والے معزز معتکفین کا تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور منہاج یوتھ لیگ کے علاوہ استقبالی ٹیم نے شاندار استقبال کیا۔ اس کے لیے معتکفین پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ دریں اثناء اعتکاف کمیٹی کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے تمام انتظامات کا جائزہ لے کر ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان کو باقاعدہ چارج دیدیا ہے۔

غروب آفتاب سے قبل تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے دیگر مرکزی قائدین کے ساتھ شہر اعتکاف کی کوریج کے لیے آئے میڈیا کے نمائندوں اور صحافیوں کو بریفینگ دی۔ انہوں نے کہا ہزاروں معتکفین جو دس روز تک شہر اعتکاف کے دیگر معمولات کے ساتھ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دروس بھی سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سالوں سے بہت بہتر اور پرشکوہ انتظامات کیے ہیں۔

یاد رہے کہ شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دس روزہ دروس قرآن کا سلسلہ 21 ستمبر 2008ء کی شب سے شروع ہو جائے گا۔ نماز تراویح کے شب 11 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب ہو گا جو شب 2 بجے تک جاری رہے گا۔ رمضان المبارک کا جمعۃ الوداع اور ستائیسوں شب کا عالمی روحانی اجتماع مختلف ٹی وی چینلز کے ذریعے براہ راست بھی پیش کیا جائے گا۔

تبصرہ

Top