لودھراں: پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست

مورخہ: 01 جون 2017ء

Duroos e Irfan ul Quran - Minhaj ul Quran lodhran

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام پانچ روزہ سالانہ دروس عرفان القرآن مقامی میرج لان میں منعقد ہو رہے ہیں جو نماز فجر کے فوراً بعد شروع ہوتے ہیں، ان کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ ہے۔ دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ محمد احسان رضوی نے خطاب کیا۔ پروگرام میں خواتین، مرد، بچے، بوڑھے اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے اہل اسلام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے مقامی عہدیداران مہر شعبان ورک، رانا اشرف علی خان، راؤ محمد اسحاق خان، راؤ اشتیاق خاں، ملک سلطان آرائیں، علامہ نصیر احمد بابر، خواجہ رفیق احمد صدیقی، ملک احمد بخش، سید گلزار شاہ، خلیل حسن اور دیگر موضع حسین آباد، گوگڑاں، سمرا، دھنوٹ سے بھی پروگرام میں شریک تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

علامہ محمد احسان رضوی نے دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ واجب الوجود ہے، اس کی کل صفات ذاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی ذات انسانی فہم اور ادراک سے ماورا ہے، اس نے اپنا تعارف اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے کروایا اس لیے قرب الہی توسل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پرفتن دور میں یہ مغالطہ پیدا کیا جا رہا ہے کہ سیدنا مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محض سیرت اور قرآن دینے آئے، دین سے ان کی ذات کی محبت اور وجود کو نکال دو۔ حقیقت یہ ہے کہ رب تعالیٰ کی منشا تو ذاتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و اطاعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء کرام علیھم السلام کی بعثت کا مشترک مقصد عقیدہ توحید کا فروغ تھا۔ تمام عمر دعوت و ارشاد کے بعد جب کوئی نبی اس دنیا سے تشریف لے جاتا تو قوم دوبارہ شرک میں مبتلا ہو جاتی۔ آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد علم کی روشنی اور توحید کا ایسا واضح تصور اجاگر ہوا کہ شرک کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہوگیا۔ چنانچہ مضبرِ صادق صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت میں شرک کبھی پلٹ کر نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر لگائے گئے شرک اور بدعت کے فتوؤں نے انتہاپسندی کو فروغ دیا ہے۔ دہشتگرد اور خودکش دھماکے کرنے والے انہی فتوؤں کی روشنی میں برین واش کیے جاتے ہیں۔ اگر ہمیں انتہاپسندی اور دہشتگردی پر قابو پانا ہے تو تکفیر و تقسیم کی ان فیکٹریوں کو بند کرنا ہوگا۔

تحریک منہاج القرآن کے شعبہ نشر اشاعت نے اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور خطابات کی سی ڈیز کا سٹال لگایا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور MSM نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کو حتمی شکل دینے میں چوہدری عبدالغفار سنبل ضلعی امیر تحریک، ملک انور قادری، ملک رشید احمد، ملک اسلم حماد، اظہر حسین لنگاہ ایڈووکیٹ، عابد حسین جوئیہ، ملک محمد اختر، راؤ اخلاق احمد، محمد نعمان مصطفوی، قاری فیصل لطیف قادری، ظہور احمد، اقبال نیاز سکھیرا، زاہد علی، خواجہ محمد احمد قادری، سید مدثر شاہ بخاری، ارشد علی مرزا، سید وسیم بخاری، محمد نوید بھٹی، مرزا عیش، رانا منیب احمد، خضر حیات لودھرا اور کارکنان نے کاوشیں کیں۔

پروگرام کے آخر میں ملک کی امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: مرزا اسلم مصطفوی (میڈیا کوآرڈینیٹر) تحریک منہاج القرآن لودھراں

تبصرہ

Top