میرپور آزاد کشمیر: منہاج ماڈل سکول کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

منہاج ماڈل سکول میرپور آزاد کشمیر میں محفلِ میلادِ مصطفٰی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا انعقاد کیا گیا جس میں ادارہ کے اساتذہ اور طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ محفلِ پاک کا باقاعدہ آغاز آیاتِ ربانیہ کی تلاوت سے محترم قاری حبیب الرحمٰن نے کیا۔ بعد ازاں ادارہ کے طلباء نے عشق و محبت میں ڈوب کر بارگاہِ خیر الانام صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم میں ھدیہء عقیدت کے پھول پیش کیے۔ طلباء نے سیرتِ رسول صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اور ادب و عشقِ مصطفٰی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے موضوعات پر خوبصورت انداز میں تقاریر کیں۔ محفلِ پاک کی صدارت پروفیسر مرزا وجاہت بیگ صدر آل آزاد کشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن میرپور نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی پروفیسر بشارت علی چوہدری صدر تحریکِ منہاج القرآن میرپور تھے جنہوں نے ذکرِ مصطفٰی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اور فکرِ مصطفٰی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے موضوع پر دلنشین پیرائے میں گفتگو کی جس سے محفل میں موجود سامعین پر رقت طاری ہو گئی۔ دیگر مہمانانِ گرامی میں محمد امتیاز نائب ناظمِ کشمیر، مظہر حسین قادری ناظم ممبر شپ آزاد کشمیر، پروفیسر عمیر احمد، پروفیسر محمد اشتیاق، ارشد محمود سیکریٹری جنرل آل آزاد کشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی میرپور اور سیّد ظہیر حسین شاہ سیکریٹری فنانس آل آزاد کشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی میرپور تھے۔ کلماتِ تشکر پرنسپل ادارہ ھذا حافظ احسان الحق نے ادا کیے۔ ادارہ کے طلباء نے اپنے اپنے کلاس رومز کو خوبصورتی سے ڈیکوریٹ کیا تھا جس پر انہیں مہمانانِ گرامی نے ہدیہء تبریک پیش کیا۔ ولادتِ مصطفٰی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ و طلباء کی خوشی دیدنی تھی۔ محفل کا اختتام حضور صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی ذاتِ اقدس پر درود و سلام اور دعا سے کیا گیا جبکہ ضیافتِ میلاد کا بھی وسیع بندوبست کیا گیا تھا۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض حافظ لیاقت امین مدرس ادارہ نے احسن انداز میں ادا کیے۔

رپورٹ : حافظ لیاقت امین (مدرس ادارہ)

تبصرہ

Top