منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پنڈی گھیب کے زیراہتمام بلڈ گروپنگ کیمپ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ملک بھر میں بلڈ ڈونرز کیمپ لگائے جاتے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مرحلہ وار منہاج یوتھ لیگ اور تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات کے تعاون سے پورے ملک میں منہاج ڈونر سوسائٹیز کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کے قیام کے لیے بلڈ گروپنگ کیمپس کے انعقاد کا آغاز کیا ہے اس سلسلے میں پہلا بلڈ گروپنگ کیمپ تحصیل پنڈی گھیب (اٹک) میں 4 اپریل 2010ء کو لگایا گیا۔ کیمپ کی تشہیر کے حوالے سے پورے شہر میں 500 پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے۔ علاوہ ازیں کیبل پر بھی اشتہار چلایا گیا اور انفرادی طور پر بھی لوگوں کو کیمپ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ اس ضمن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پنڈی گھیب کے نائب ناظم محمد احتشام عبا س اور منہاج یوتھ لیگ کے محمد یعقوب، سردار اظہر عباس اور محمد حسنین نے کلیدی کردار اد ا کیا۔

صبح 9 بجے کیمپ شروع ہوا تو تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، کارکنان اور وابستگان کی بڑی تعداد یہاں موجود تھے۔ بلڈ گروپنگ کے لیے سول ہسپتال کا عملہ بھی موجود تھا۔ کیمپ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ اس کے بعد نائب ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد احتشام عباس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور موجودہ دور میں ویلفیئر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے اپنی تحصیل میں ’’آغوش‘‘ کے قیام کے عزم کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں لائحہ عمل پیش کیا۔ اس کے بعد بلڈ گروپنگ کی ٹیم متحرک ہوگئی اورلوگ جوق در جوق کیمپ میں آنے لگے اور یہ سلسلہ سہ پہر 3 بجے تک جاری رہا۔ اس کیمپ میں 375 لوگوں نے بلڈ گروپنگ کروائی اور 100 سے لگ بھگ افراد نے رضا کارانہ طور پر منہاج بلڈ ڈونر سوسائٹی میں اپنے نام درج کروائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی مشکل گھڑی میں اپنے خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی بقاء کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس طرح پنڈی گھیب میں منہاج بلڈ ڈونر سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے مرکزی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور منہاج بلڈ ڈونر سوسائٹیز کے مرکزی کوآرڈینٹر افتخار بیگ نے کہا کہ خون قدرت کا انمول خزانہ اور زندگی بچانے والی دوائی تصور کیا جاتا ہے۔ لاکھوں افراد کی زندگی کا دارومدار خون کی دستیابی پر ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی فرد یا خاندان کو خون لگوانے کی اچانک ضرورت پیش آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے بلڈ ڈونر کیمپس کا قیام عمل میں لا کر دکھی انسانیت کو سہارا دینے کی ایک اور کوشش کی ہے۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائمقام ناظم افتخار شاہ بخاری نے پنڈی گھیب کی تنظیم کو کامیاب گروپنگ کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

تبصرہ

Top