مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب 6 اکتوبر 2010ء کو مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوئی۔ ایم ایس ایم کے یوم تاسیس پر ملک بھر میں تحصیلی و ضلعی سطح پر تاسیسی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام میں قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض اور صدر ایم ایس ایم حافظ تجمل حسین انقلابی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ کالج آف شریعہ کے ہونہار طالبعلم قاری خالد سعید کاظمی (گولڈمیڈلسٹ) نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ حیدری برادران نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

MSM لاہور کے مرکزی رہنماء محمد عمیر مصطفوی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے لاہور بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز سے تشریف لانے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ کسی قوم کا مستقبل اور سرمایہ افتخارطلبہ ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ طلبہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے آج ملک پاکستان کی ترقی میں طلبہ کا عملی کردار نظر نہیں آرہا۔

کچھ طلبہ یونینز طلبہ کے حقوق کی بات تو کرتی ہیں لیکن وہ علم کے رکھوالے طلبہ میں دہشت گردی اور کلاشنکوف کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ غیر سیاسی طلبہ تنظیم ہے جو پاکستان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ میں شعور و کردار کی بیداری کی مہم بھی چلا رہی ہے۔ پروگرام میں لاہور کی اہم یونیورسٹیز اور ٹاؤنز کے ایم ایس ایم کے صدورنے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا امیتاز ہے کہ یہ علم کے فروغ اور کردار کی پختگی پر زور دے رہی ہے۔ اسی تناظر میں آج ملک کو دہشت گردی سے پاک ذہنوں کی ضرورت ہے۔ جو پاکستان کی ترقی کا باعث بن سکے۔ ایسے میں ایم ایس ایم کا کردار مثالی ہے، جسے ملک بھر میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر حافظ تجمل حسین انقلابی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو کلاشکوف کی بجائے قلم کو اپنا ہتھیار بنانا ہوگا۔ ملک پاکستان کے مسائل کا حل طلبہ کو پیش کرنا ہوگا۔ جب تک اس ملک کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں نہ آئے گی اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

تقریب میں امیر لاہور ارشاد احمد طاہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے طلبہ کو خصوصی ہدایات دیں۔ آخر میں ایم ایس ایم کے یوم تاسیس پر کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی، جس میں ایم ایس ایم لاہور کی مرکزی تنظیم نے مرکزی صدر ایم ایس ایم کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

پروگرام کے کامیاب انعقاد میں MSM لاہور کی مرکزی تنظیم صدر محمد عمیر مصطفوی، سیکرٹری جنرل علی رضا چوہدری، ناظم تربیت انعام مصطفوی، سیکرٹری ٹاؤنز ہاشم محتشم، انچارج حلقہ فکر عمران درویش اور سیکرٹری ممبر شپ حافظ قاسم نے بھرپور تعاون کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top