ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (نومبر 2010ء)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع 4 نومبر 2010ء کو ہوا۔ اس پروگرام کو مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کے صفہ ہال کی چھت پر منعقد کیا گیا۔ روحانی اجتماع اور شب بیداری کے اس پروگرام کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔

ناظم امور خارجہ راجہ جمیل احمد، علامہ احمد نواز انجم، راجہ زاہد محمود، گوشہ درود کی خدمت کمیٹی کے سربراہ الحاج محمد سلیم قادری، الحاج محمد ریاض قادری، انوار اختر ایڈوکیٹ، جواد حامد، علامہ فرحت حسین شاہ، شہزاد رسول قادری، قاری ریاست علی سمیت تحریک کے دیگر مرکزی قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے۔

پروگرام میں مردوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ جن کے لیے پنڈال کا نصف حصہ الگ مختص کیا گیا تھا۔

نماز عشاء کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ کالج آف شریعہ کے حیدری برادران، بلالی برادران، قاری عنصر علی قادری، منہاج نعت کونسل، شہزاد برادران اور دیگر ثناء خوان حضرات نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں عقیدہ کے پھول نچھاور کیے۔۔ نعت خوانی کا سلسلہ شب گیارہ بجے تک جاری رہا۔ اس موقع پر امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ نومبر میں پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 69 کروڑ 95 لاکھ 19 ہزار اور 698 ہے۔ گوشہ درود کا اب تک پڑھا جانے والا مجموعی درود پاک 19 ارب 52 کروڑ 42 لاکھ 6 ہزار اور 113 ہو گئی ہے۔

شب گیارہ بجے تک نعت خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے بعد شیخ الاسلام کا خطاب شروع ہوا۔

خطاب شیخ الاسلام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقویٰ کے موضوع پر خطاب کیا۔ آپ نے کہا کہ تقویٰ انسان کی زندگی کا اصل امتحان ہے۔ یہ امتحان غربت میں بھی ہے اور امارت میں بھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ زندگی مرد مومن کے لیے کڑا امتحان ہے، غریب شخص کے لیے غربت اس کا امتحان ہے اور امیر کے لیے امارت۔ اللہ تعالیٰ غربت کے ذریعے بھی بندے سے امتحان لیتا ہے کہ انسان اس حال میں اللہ تعالیٰ کو کتنا یاد رکھتا ہے۔ جو غربت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے تعلق نہیں توڑتا، وہ غربت میں تقویٰ کی منزل پا لیتا ہے۔

اسی طرح اللہ تعالیٰ نے جن لوگوں کو دنیا میں مال دیا، عزت دی، دولت اور شہرت دی تو یہ سب ان کے لیے دوہرا امتحان بن جاتا ہے۔ جو لوگ دولت و امارت کے بعد اللہ تعالیٰ کو بھول جاتے ہیں، اللہ تعالیٰ ان سے ناراض ہو جاتے ہیں۔ دوسری صورت میں جو امارت اور مال و دولت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ بھی کرتے ہیں۔ غریبوں کی مدد کرتے ہیں، یتیموں کے سر پر ہاتھ رکھتے ہیں، معاشرے میں مستحق افراد کی کفالت کرتے ہیں، تو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یہ اعمال بھی مقبول ہوں گے۔

شیخ الاسلام نے مختلف احادیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تقویٰ اہل اللہ، اولیاء اللہ اور اوائل دور کے صوفیاء کا شعار رہا۔ جس میں انہوں نے اللہ کو منانے کے لیے عملی جدوجہد کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا کہ وہ تحریک منہاج القرآن کے ساتھ وابستگی برقرار رکھتے ہوئے دین کی خدمت کا فریضہ سرانجام دینے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ اس کے لیے کارکنوں کو اپنے باہمی اختلافات ختم کرنے ہوں گے۔ آپس کی رنجشوں سے دین کی جدوجہد کو نقصان ہوتا ہے۔ آپ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا کو امن کی طرف بلا رہی ہے، کیونکہ اسلام دنیا کا سب سے بڑا امن کا داعی دین ہے۔

پروگرام کا اختتام شب سوا بارہ بجے ہوا۔ اس موقع پر امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے خصوصی دعا کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

پروگرام میں کمپئرنگ کے فرائض وقاص علی قادری نے سر انجام دیئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top