منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت واہ کینٹ میں 12 شادیوں کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 27 فروری 2011ء کو واہ کینٹ میں 12 شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی صدارت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے کی۔ پاکستان اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم مہمان خصوصی تھے۔

خلیفہ مجاز پیر آف گھمگول شریف پیر آفتاب، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر محمود چوہدری، نائب ناظم پنجاب راجہ ساجد محمود، انار خان گوندل، ناظم ویلفیئر واہ کینٹ حاجی لیاقت، سجاد احمد ساقی، پروفیسر عبدالرحیم، علامہ مقصود ایوب، مسز مغل، مسز نعیم، اطہر حمید، مقصود احمد، دین الحق بغدادی اور صغیر خان بھی دیگر مہمانان گرامی میں شامل تھے۔

تقریب کا آغاز صبح 11 بجے ہوا۔ اس موقع پر خواتین اور مردوں کے لیے 2 الگ الگ پنڈال سجائے گئے تھے۔ تقریب میں آنے والے مہمانوں کا بڑا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر براتیوں اور مہمانوں کا استقبال پھولوں کی پتیوں سے کیا گیا۔ تقریب سے قبل مہمانوں کو اُس پنڈال کا وزٹ کرایا گیا جہاں دلہنوں کیلئے جہیز کا سامان سجایا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

تقریب میں ڈائریکٹر منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ موجودہ نامساعد حالات اور مہنگائی کے دور میں والدین کیلئے مشکل ہوگیا ہے کہ وہ اپنی بچیوں کی شادیاں کرا سکیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اب تک 537 شادیاں کرا چکی ہے۔ جس میں شادیوں کی تقریبات میں شریک تمام مہمانوں کی ضیافت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ تمام دلہنوں کو برائیڈل گفٹ بھی دیئے جاتے ہیں۔ جس کی مالیت ایک لاکھ روپے سے سوا لاکھ روپے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ہونے والی شادیوں میں شریک بچیوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی بیٹیاں قرار دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے EMPOWERMENT ایسوسی ایشن فار سٹیزن کے صدر عبدالقیوم نے کہا کہ معاشرے میں اس طرح شادیوں کا انعقاد کرانا بہت عظیم کام ہے کیونکہ موجودہ دور میں بیٹی کی شادی والدین پر بوجھ بن گیا ہے۔ ایسے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں خدمت انسانیت کا جو فریضہ سرانجام دے رہی ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس کام سے معاشرے میں توازن پیدا ہوگا۔ یہ بیڑہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اُٹھا کر ایک معاشرے کی سنگینی و وحشت کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر محمود چوہدری نے کہا کہ دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اس نے عورت کو ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کے روپ میں اعلیٰ مقام دیا ہے لیکن بدقسمتی سے آج معاشرے میں عورت کو وہ مقام نہیں دیا جا رہا ہے۔ بچیاں والدین کی زندگی کا شگفتہ پھول ہوتی ہیں اور معاشرے کے مستقبل کی روشن امیدیں ہیں۔ لیکن جہالت اور اسلامی تعلیمات سے لاعلمی کی بنیاد پر عورت کو رسومات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ ان حالات کی سنگینی کی وجہ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے شادیوں کی اجتماعی تقریب کا سلسلہ شروع کیا۔

تقریب سے راجہ ساجد محمود، حاجی لیاقت، سجاد احمد ساقی، پروفیسر عبد الرحیم نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں شادی کا سہرا گیت کی شکل میں سنایا۔ دُعا کے بعد 1000 سے زائد مہمانوں کی ضیافت کو پیش کی گئی۔ اس موقع پر تقریب کی کوریج کیلئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے احباب بھی موجود تھے، کوریج پر انتظامیہ نے انکا شکریہ ادا کیا۔

دلہنوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جانب سے پانچ، پانچ ہزار روپے کی سلامی دی گئی اور برائیڈل گفٹ دیئے گئے جن میں کلر T.V، استری، واشنگ مشین، سلائی مشین، پیڈسٹل فین، گیس چولہا، سوٹ کیس، جستی پیٹی، ڈبل بیڈ، ڈبل بیڈ فوم گدا، ڈبل بیڈ رضائی تکیہ، ٹیبل کرسیاں، واٹر کولر، ڈنر سیٹ، Tea سیٹ، کٹلری سیٹ، عرفان القرآن ( شیخ الاسلام کا ترجمہ قرآن )، المنہاج السوی، جائے نماز، گھڑی، ہیٹر، بالٹی، جگ، شَو کیس، کمبل، جوسر مشین، سوٹ کیس، دلہا و دلہن کے کپڑے اور جیولری سیٹ وغیرہ شامل تھے۔

تبصرہ

Top