صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی مجلس مشاورت کا اجلاس

مورخہ 15 اپریل 2012ء کو صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی مجلس مشاورت کا اجلاس مشتاق علی خان سہروردی امیر تحریک خیبر پختونخواہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ساجد محمود بھٹی ناظم تنظیمات نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی ایگزیکٹو کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، پہاڑ پور، پروآ، کوہاٹ چارسدہ، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، تخت بھائی، سوات، کالام، بحرین، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اوگی اور حویلیاں کی تنظیمات نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابقہ 9 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد تمام نظامتوں کو محترک کرنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تنظیمات کو ناصر باغ، لیاقت باغ، عالمی میلاد کانفرنس اور کامیاب ورکر کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد کے اعلان کے حوالے سے تمام ذمہ دارا ن نے ان کی آمد کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا اور ہاؤس کو بتایا کہ تنظیمات اور کارکنان اس سے بہت خوش ہیں۔

ہاؤس نے شیخ الاسلام کی آمد پر بھرپور استقبال کی تجویز تیار کی۔ اس کے علاوہ تمام تنظیمات کو ممبر سازی، یونین کونسل، یونٹ سطح کی تنظیم سازی اور حلقات درودکے قیام کے اہداف دیے گئے۔ اس کے علاوہ بیداری شعور کے حوالے سے شیخ الاسلام کا پیغام عوام الناس تک پہنچانے کا بھی ہدف دیا گیا۔ تنظیمی عہداروں کے لیے تربیتی کیمپس کا شیڈول تیار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے تنظیمی احباب کا ایک اجتماعی اور مشترکہ تربیتی کیمپ جون میں کالام میں کیا جائے گا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد محمود بھٹی ناظم تنظیمات نے کہا کہ قوم اس وقت بہت سی مشکلات میں گھری ہوئی ہے اور ہمیں اس قوم کو پریشانیوں سے نجات کے لیے منظم کاوش کرنا ہے، ہمیں اپنی کوتاہیوں کودور کر کے عمل اور کردار میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی۔ اپنے شب و روز تحریک کے اہداف کے حصول اور عوام کو دعوت دے کر اصل دشمن کی پہچان کروانا ہوگی۔ شیخ الاسلام کی آمد سے قبل ہمیں ہوم ورک کرنا ہے تاکہ اپنے قائد کو ہزارہا جانثاروں کا تحفہ دے سکیں۔

اختتام پر مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی اور بیماروں کے لیے صحت وسلامتی کی دعاکی گئی۔

تبصرہ

Top