تحریک منہاج القرآن دولتالہ کے یونٹ پنجگراں خورد کے زیراہتمام محفل میلاد

تحریک منہاج القرآن دولتالہ حلقہ پی پی 4 کے یونٹ پنجگراں خورد (یونین کونسل پنجگراں کلاں) کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد مورخہ 25 اپریل بروز بدھ بعد نماز ظہر جامع مسجد میں کیا گیا۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جسکے بعد شبیر حسین، منہاج نعت کونسل ڈھوں کے آفتاب ربانی اور ادریس ربانی اور دیگر ثناء خوانان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں انتہائی خوبصورت انداز میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل میں نقابت کے فرائض محمودالحق قریشی (سرپرست تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4) نے ادا کئے۔

کانفرنس کی صدارت محمد جمیل چوہدری (امیر منہاج القرآن ایشین کونسل )نے کی جبکہ مہمان خصوصی راجہ جاوید اقبال (راہنما تحریک منہاج القرآن ہانگ کانگ )تھے اور خصوصی شرکت چوہدری جاوید اقبال (صدر تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4)، قاضی ادریس زعفران (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ پی پی 4)، قاضی احسان غفور (ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ پی پی 4)، راجہ ثاقب جمیل (ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4) نے کی۔ کانفرنس میں علاقہ بھر سے عوام کی بہت بڑی تعداد میں شرکت۔

کانفرنس سے خصوصی خطاب حضرت علامہ افضال احمد قادری (مرکزی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن ) نے کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام اختیارات دے کر اس کائنات کے اندر مبعوث فرمایا، تمام خزانوں کی چابیاں سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عطا کیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مالک و مختار نبی اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بنا کر دنیا میں بنا کر دنیا میں بھیجا، بے شک اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سلطان کائنات کا درجہ عطا فرمایا ہے، امت مسلمہ کی نجات اسی میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹا ہوا تعلق بحال کرے۔

انہوں نے کہا منہاج القرآن کا منہج عمل پہلے دن سے اعتدال توازن پر مبنی رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ دینی، اعتقادی، مسلکی اور سیاسی سطح پر اعتدال کی روشنی کا پرچار کیا ہے۔ آج ہمیں قومی سطح پر اعتدال پر مبنی روش اختیار کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں جذباتی انداز اور قوم کے سامنے موہوم خیالات و مقاصد پیش کرنے کی روش کو ترک کرنا ہوگا۔

انہوں نے آخر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن امت کو جوڑنے کا کام کررہی ہے۔ ہمارا کام دشمنی، لڑائی جھگڑا، فتوٰی بازی، دہشت گردی اور انتہاپسندی کی تعلیم دینا نہیں بلکہ علم و عمل اور دلائل سے بات کو منوانا ہے۔

کانفرنس کا اختتام علامہ افضال احمد قادری کی خصوصی دعا سے ہوا۔ پروگرام کے آخر میں تمام شرکا کیلئے ضیافت میلادکا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

تبصرہ

Top