بیداری شعور ورکرز کنونشن (وہاڑی) - 2012

مورخہ: 21 جون 2012ء

مورخہ 21 جون کو تحریک منہاج القرآن ضلع وہاڑی کے زیراہتمام خورشید ہال میں عظیم الشان بیداری شعور ورکرزکنونشن منعقد ہوا۔ جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کی جبکہ چوہدری قمر عباس نائب ناظم تحریک پنجاب مہمان خصوصی تھے۔ تلاوت ونعت کے ساتھ کنونشن کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ چوہدری اقبال یوسف صدر تحریک منہاج القرآن وہاڑی نے ضلع وہاڑی تحریک کے تمام فورمز یوتھ لیگ، MSM، عوامی تحریک، ویمن لیگ، علماء کونسل کے عہدیدران اور کارکنوں کو خوش آمدید کہا۔ کنونشن کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔

امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت قیادت کے بدترین بحران سے دو چار ہے۔ پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت نااہل اور کرپٹ ہے جس کی وجہ سے ملک کو سنگین مسائل درپیش ہیں۔ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ سرمایہ دار، جاگیردار اور نااہل حکمران ٹولہ عیاشیوں میں مصروف ہے۔ غریب آدمی کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور سیاستدان عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کی جڑ موجودہ کرپٹ، فرسودہ نظام انتخاب ہے جو چند خاندانوں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ یہ سرمایہ دار کرپٹ ٹولہ اس کرپٹ نظام کا تحفظ کرتا ہے۔ تحریک کے کارکن پاکستان کو اس فرسودہ، کرپٹ نظام سے چٹھکارا دلانے کے لئے عوام الناس تک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام پہنچائیں۔ تاکہ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے اور پاکستان تنزلی سے ترقی کا سفر شروع کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 4  نومبر کو 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مینار پاکستان پر اپنے محبوب قائد کا استقبال کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کا سب سے مقبول انقلابی لیڈر صرف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہے۔

چوہدری قمر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں حقیقی تبدیلی نظام کو بدلنے سے آئے گی۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکن اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک ملک میں فرسودہ نظام کی جگہ مصطفوی نظام رائج نہیں کیا جاتا۔ کنونشن میں ڈاکٹر محمد منیر، سید افضل ہاشمی ودیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن  میں علی عمران جٹ، شہزاد ڈوگر، شہباز جٹ، راؤ ارشد ساقی، صغیر احمد رامے، ملک طارق، محمد الطاف انصاری، قاری بشیر احمد و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی بہنوں نے محترمہ مصباح قادری اور محترمہ عابدہ ایوب کی قیادت میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔

رپورٹ: عتیق چوہدری

تبصرہ

Top