دھرنا ختم نہیں ملک گیر تحریک میں تبدیل ہوا، کمانڈر ہوں محاذ بدلا جنگ جاری ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
23 نومبر کو بھکر، 5 دسمبر کو سرگودھا، 14 دسمبر کو سیالکوٹ اور
25 دسمبر کو کراچی میں انقلاب جلسہ ہو گا
اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے متعلق تین ہفتے قبل عمران خان کو آگاہ کر دیا تھا
ایبٹ آباد کے عوام پاکستان عوامی تحریک کو اکثریت دلوائیں سب سے پہلے ہزارہ صوبہ کا
تحفہ دوں گا
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایبٹ آباد کے جلسہ میں لاکھوں شرکاء سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا ختم نہیں ہوا بلکہ ملک گیر تحریک میں تبدیل ہوا۔ ڈیل اور پیسوں کی الزام تراشی پر کروڑ بار لعنت۔ پوری دنیا کی حکومتوں کا سرمایہ بھی میرے جوتے کا سودا نہیں کر سکتا۔ کمانڈر ہوں محاذ بدلا جنگ جاری ہے۔ انہوں نے ایبٹ آباد کے جلسہ میں لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد کے عوام پاکستان عوامی تحریک کو اکثریت دلوائیں سب سے پہلے ہزارہ صوبہ کا تحفہ دوں گا۔ گھر نہیں جا رہا شہر شہر جا رہا ہوں۔ انہوں نے23 نومبر کو بھکر میں انقلاب جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر بھکر کے جلسہ میں مینار پاکستان کے جلسے والا نقشہ نظر نہ آئے تو تحریک ختم کرنے کا اعلان کردونگا۔ انہوں نے کہا کہ 5دسمبر کو سرگودھا، 14دسمبر کو سیالکوٹ اور 25 دسمبر کو کراچی میں انقلاب جلسہ ہو گا۔ انہوں نے 24 اکتوبر (آج) ہری پور میں دھرنا دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کو پاکستان کی جنت میں تبدیل کر دینگے، سیاحت کے حوالے سے اسکی خوبصورتی سوئٹزر لینڈ سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد شاہراہ قراقرم کے حوالے سے نقطہ آغاز اور چائنہ کا گیٹ وے ہے، اسے تجارت اور سیاحت کا مرکز بنائیں گے۔ فوج اور ایجنسیوں کی حمایت کی الزام تراشی کرنیوالے قوم سے معافی مانگیں۔ پیچھے کوئی ہوتا تو حکومت سات دن بھی نہ چلتی۔ آل راؤنڈر ہوں حکومت کو آؤٹ کرنے کیلئے باؤنسر، یارکر، گوگلی کا استعمال بھی کروں گا۔ پہلے بیٹنگ کی اب باؤلنگ کروں گا۔ تنقید کرنیوالوں میں تبدیلی آئی نہ ہی ظالمانہ نظام کو تبدیل کرنے کے حوالے سے ہمارا موقف بدلا۔ انقلاب مارچ ملک بھر میں پھیلانا چاہتا تھا میرے پاس جہاز نہیں کہ جلسہ کر کے شام کو واپس آ جاؤں۔ اسلام آباد دھرنے کے شرکاء میرے بغیر تنہا وہاں رہیں یہ مجھے گوارا نہیں تھا انہی کارکنان نے انقلاب جلسوں کی تیاریاں بھی کرنی ہیں۔ PTI سے رابطے ہیں اور رہیں گے۔ اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے متعلق تین ہفتے قبل عمران خان کو آگاہ کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کے انقلاب اجتماع میں عوام کے جم غفیر نے شرکت کر کے ناقدین کے منہ بند کر دئیے ہیں۔ اللہ کو ان ظالم حکمرانوں اور نظام کی رخصتی منظور نہیں تھی، ان فرعونوں کو ڈیل ملی ہے مگر اللہ نے ہمیں سوئی ہوئی قوم کو جگا کر بڑا بدلہ دے دیا۔ انقلاب کا سورج قریہ قریہ روشنی کی کرنیں پھیلا رہا ہے۔ انقلاب ایک سورج ہے جو کبھی نہیں ڈوبتا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنا خطاب شروع کرنے سے قبل ہزارہ صوبہ کی تحریک میں شہادتیں قبول کرنے والوں کیلئے فاتح خوانی کی اور زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انکا مشن عوامی تحریک پورا کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہداء کی ایف آئی درج کی جائے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی والدہ سے 24 سال میں ایک بار بھی بات نہیں ہوئی۔ لفافے لے کر تجزیے کرنے والوں کی تنقید کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن میں حصہ لیں گے مگر اصلاحات کے بغیر الیکشن کمیشن کو انتخابات نہیں کروانے دیں گے، تمام جماعتیں 2013 کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے چکیں۔ چاروں صوبوں کے ریٹائرڈ ججز، الیکشن کمشنرز کو مستعفیٰ ہو جانا چاہیے۔ الیکشن کمیشن چیف کے بغیر چل رہا ہے احتساب اور اصلاحات کے مطالبے پرڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈیل کے حوالے سے تمام تجزیوں اور تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیسوں کی بات کرنیوالے سے کوئی بڑا جہنمی اور لعنتی نہیں۔ جھوٹوں پر اللہ کی کروڑ بار لعنت ہو۔ اس قسم کا منفی اور جھوٹا پراپیگنڈہ کارکنوں کے دلوں سے انقلاب کے جذبہ کو کم نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب بھی پہاڑوں کے نیچے چلنے والے چشمے کے پانی کی طرح ہوتا ہے جہاں زمین نرم ہوتی ہے وہ ’’شوں‘‘ کر کے نکل آتا ہے اور انقلاب کے چشمے اب ہر جگہ سے پھوٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی مدینہ سے مکہ کی طرف ہجرت کی تھی ہم نے بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے اور کمانڈر کا میدان جنگ میں یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ مرضی کا محاذ کھولے، آخری فتح تک محاذ کھلتے رہیں گے۔ میں ہار ماننے والا شخص نہیں ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذو الفقار علی بھٹو کی تحریک نے لوگوں کی سوچ بدلی تھی، 43سال بعد اللہ نے قوم کو فکری انقلاب عطا کیا ہے۔ آج بچے ماں کی گود میں بھی گو نواز گو کے نعرے لگا رہے ہیں۔ ہمارے جلسوں میں آنیوالے 70 فی صد عوام نے انقلاب کا پیغام اسلام آباد دھرنے سے لیا۔
تبصرہ