بے گناہ کارکن 304 پیشیاں بھگت چکے، آخری فتح مظلوموں کی ہو گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور 17 جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی طرف سے درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آر کا شکار کارکنان نے خصوصی ملاقات کی، جھوٹی ایف آئی آر کا شکار کارکنان انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 304 پیشیاں بھگت چکے، اس موقع پر اشرافیہ کے ظلم کا شکار کارکنان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کارکنوں کے جذبہ استقامت کو سراہا اور کہا کہ وہ ظلم کے خلاف لڑرہے ہیں اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کی جدوجہد کررہے ہیں، اس کا اللہ کے ہاں اجر عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائینگی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پولیس نے ایف آئی آر نمبر 510 میں تہمت لگاتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک کے 42 کارکنوں نے اپنے ہی کارکنوں کو قتل اور زخمی کیا، اتنی سفاکیت کے ساتھ جھوٹ بولا جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے عظیم کارکنوں کو ڈرانے، ہراساں کرنے، خریدنے کے لیے قاتل حکمرانوں نے کروڑوں روپے کی پیشکش کی مگر کارکنوں نے پاؤں کی ٹھوکر مار دی اور ثابت کیا کہ پاکستان کی زمین پر ایسے غریب اور غیرت مند کارکن بھی رہتے ہیں جو نظریے پر جان دینا جانتے ہیں اور کوئی ان کی قیمت نہیں لگا سکتا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس ظالم نظام کی نحوست اور کیا ہو گی کہ مظلوم قتل کے الزام میں 304 پیشیاں بھگت چکے اور سانحہ کے ماسٹر مائنڈ آج بھی دندناتے پھررہے ہیں۔ جب تک یہ ظالم نظام برقرار رہے گا ظالم کی بجائے مظلوم پیشیاں بھگتتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں ذمہ داران سے یہ سوال کرتا ہوں کہ عوامی تحریک کے 42 کارکن کس جرم کی پاداش میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ جنہیں انصاف چاہیے تھا ان کی تذلیل ہورہی ہے۔ انصاف کے اس عمل میں ان کے روزگار چھن گئے ایک کارکن جان سے چلا گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 17 جون 2014ء کا سانحہ انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے، ہم ظالموں، قاتلوں کے خلاف قانونی جنگ لڑرہے ہیں، انشاء اللہ تعالیٰ آخری فتح مظلوموں، مقتولوں اور شہداء کے ورثاء کی ہو گی۔

تبصرہ

Top