جہاں ناانصافی ہوگی وہاں آفات کی صورت میں اللہ کا عذاب آتا ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جمعۃ الوداع کے اجتماع سے خطاب

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri addresses Juma tul Wida gathering

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع المنہاج بغداد ٹاؤن لاہور میں شہر اعتکاف میں ’’جمعۃ الوداع‘‘ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناپ تول میں کمی کرنے والی قوموں پر ظالم حکمران مسلط کر دیئے جاتے ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا تم سے پہلے قومیں اس لئے تباہ ہوئیں کہ جب ان میں کوئی غریب جرم کرتا تو اس پر حد جاری کی جاتی اور اگر کوئی بڑا یا وڈیرا جرم کرتا تو اسے چھوڑ دیا جاتا تھا۔ جب قوموں کے اندر نظام انصاف اور میزان انصاف میں کجی آ جائے اور گناہ، ظلم و بربریت رواج، بے حیائی رواج پاجائے اور اللہ اور اس کے رسول کی بات کو سنی ان سنی کیا جائے، اللہ سے ناطہ کٹ جائے تو پھر اس کا نتیجہ قدرتی آفات، مصائب و آلام، سیلاب، قحط سالی، غربت و افلاس، بد امنی، دہشت گردی خانہ جنگی، دشمنی اور خوف و ہراس کی صورت میں نکلتا ہے ایسی قومیں دشمن کے خوف و دبدبہ اور حملوں سے دوچار رہتی ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے امت کی توجہ بارہا اس مسئلہ کی طرف کروائی کہ اپنے گناہوں کو ترک کر دو، اپنے حالات، اپنے اخلاق سنوار لو اس سے پہلے کہ اللہ رب العزت کی گرفت اتر آئے، آخرت کے اندر بھی اس کے عذاب کے مستحق ٹھہرو اور دنیا میں بھی آفات و بلیات کے مستحق ٹھہرو۔

انہوں نے کہا کہ جس بستی پر انصاف نہ ہو اللہ تعالیٰ ان بستیوں سے ناراض ہوتا ہے اور وہاں پر عذاب اتارتا ہے۔ جو کچھ ہم پر بیتتا ہے، بطور فرد واحد اور بطور قوم کے یہ ہمارے اپنے اعمالوں اور اپنے فیصلوں کے نتیجے ہیں جس کا اثر، تاثیر اور تکلیف ہم تک پہنچ رہی ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جیسے ہی رمضان کی پہلی صبح طلوع ہوتی ہے، اللہ رب العزت کثرتوں کے ساتھ دوزخ سے خلاصی اور نجات کا پروانہ جاری فرما دیتا ہے اور خوش نصیبوں کو جنت کی نوید سنا دیتا ہے۔

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri addresses Juma tul Wida gathering

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri addresses Juma tul Wida gathering

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri addresses Juma tul Wida gathering

تبصرہ

Top