پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا نواب شاہ، سکرنڈ میں درگاہ پیر ذاکری پر منعقدہ 129ویں سالانہ روحانی اجتماع سے خصوصی خطاب

صدر منہاجُ القرآن انٹرنیشنل، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نواب شاہ میں درگاہ پیر ذاکری، سکرنڈ میں منعقدہ 129ویں سالانہ روحانی اجتماع سے بذریعہ وڈیو لنک خصوصی خطاب کیا، جس میں بڑی تعداد میں عشاقانِ مصطفی ﷺ نے شرکت کی۔
اس روحانی اجتماع میں درگاہ کے سجادہ نشین پیر سید منیر شاہ جیلانی ذاکری، صاحبزادگان سید علی رضا شاہ جیلانی ذاکری، سید دارالشکوہ شاہ جیلانی ذاکری اور نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن سندھ مظہر محمود علوی نے خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کے دوران کہا کہ جو شخص اللہ کے حضور کوئی قیمتی چیز پیش کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اُسے اپنی محبت کا تحفہ عطا فرماتا ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ ایسا رشتہ اپنے رب سے قائم کرے جو ہر لمحہ اُسے اللہ کی طرف متوجہ رکھے۔ راہِ سلوک میں اخلاص، عاجزی اور قربانی ہی اصل زادِ راہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روحانیت کا مقصد صرف علم یا ظاہری عبادت نہیں بلکہ دل کی صفائی، اخلاصِ نیت اور تعلق باللہ کی پختگی ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو اسی تعلق کی بنیاد پر قرب سے نوازتا ہے۔
قرآنِ کریم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "تم ہرگز نیکی کو نہیں پہنچ سکو گے جب تک تم (اللہ کی راہ میں) اپنی محبوب چیزوں میں سے خرچ نہ کرو، اور تم جو کچھ بھی خرچ کرتے ہو، بیشک اللہ اسے خوب جاننے والا ہے" (آلِ عمران: 92)۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ یہی آیتِ مبارکہ راہِ سلوک کا پہلا زینہ ہے۔ جو بندہ اپنی محبوب چیزوں، چاہے وہ مال، وقت، علم یا خواہشات ہوں، اللہ کی رضا کے لیے قربان کر دیتا ہے، وہ حقیقی طور پر قربِ الٰہی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی زندگیاں ہمیں یہ سبق دیتی ہیں کہ اللہ کا قرب صرف عبادت سے نہیں بلکہ اخلاص، ایثار، صبر اور عاجزی سے حاصل ہوتا ہے۔ وہ اپنے دلوں کو دنیا کی محبت سے خالی اور اللہ کی محبت سے معمور کر لیتے ہیں۔ یہی صفات انہیں بندگی کے اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہیں۔
اجتماع میں علامہ مفتی اکرم سعیدی، حفیظ اللہ بلوچ، سعید میمن اور محمد نواز خاص خیلی سمیت درگاہ ذاکری کے متوسلین اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

















تبصرہ