گوشہ درود کے اقامتی بلاک کی کھدائی شروع

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی عمارت مینارۃ السلام کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ گوشہ نشینوں کی رہائش گاہ کے لیے مینارۃ السلام کے اقامتی بلاک کی تعمیر شروع کی جا رہی ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے مشرقی حصے میں سیل سنٹر کے ساتھ بائیں جانب اس کام کا آغاز بنیادوں کی کھدائی سے ہو چکا ہے۔ اقامتی بلاک کی بنیادوں کی کھدائی کے لیے ابتدائی طور پر یہاں سفید کلی سے نشانات لگائے گئے۔ اس کے بعد کرین کی مدد سے اس جگہ سے مٹی باہر نکالی جا رہی ہے۔ کرین کے ذریعے مٹی نکالنے کے بعد چھوٹی ٹرالیوں کے ذریعے مرکزی سیکرٹریٹ سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیل سنٹر کی طرف کھلنے والا مرکزی سیکرٹریٹ کا گیٹ مکمل طور پر کھول دیا گیا جبکہ عوامی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اس گیٹ میں چھوٹی ٹرالی کھڑی ہے جس کے ذریعے مٹی کو باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔ مرکزی گیٹ کے علاوہ سیل سنٹر کے عقب میں رومی ہال ہاسٹل کی طرف کھلنے والا داخلی دروازہ بھی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

مینارۃ السلام کے گنبد والی جگہ پر بدستور مٹی کا بڑا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ اس جگہ پر لینڑ کے لیے تعمیراتی کام بھی جاری ہے۔ اس کے لیے بڑے بڑے سریوں کو لوہے کی لینٹر میڈ چادروں سے لپیٹ دیا گیا ہے۔ اس حصے میں لینٹر کے کام کے لیے لوہے کی سلاخوں سے گو کی گئی ہے۔ اس لینٹر کو ہیوی سریوں اور سیمنٹ سمیت دیگر تعمیراتی مٹیریل سے بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مینارۃ السلام کے گنبد کی مغربی دیوار کے لینٹر کے لیے جو بڑے بڑے سریے سیدھے کھڑے تھے ان کو بھی فولڈ کر دیا گیا اور اب یہ مٹی کے اندر چھپ گئے ہیں۔

کرین سے مٹی اٹھانے کا آغاز مورخہ 5 دسمبر کو ہوا۔ پہلے دن اقامتی بلاک کی بنیادوں کے لیے کھودی جانے والی جگہ سے تقریباً 10 فٹ گہرائی تک مٹی نکالی جا چکی ہے۔ اس کام کو مزید ایک دن میں مکمل کرنے کے بعد بنیادوں کی تعمیر کے لیے باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ مینارۃ السلام کے دیگر حصوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ اس کے ساتھ مینارۃ السلام کے ہال میں بیسمنٹ کے اندر بھی تعمیری عمل جاری ہے۔ ہال کے اوپر ایک حصے پر گزشتہ دنوں رواں موسم سرما کی پہلی بارش کا پانی ابھی تک جمع ہے۔ یہ کیاریوں کی شکل میں مصنوعی لگائے گئے پانی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ہال کے اندر جانے والی سیڑھیوں کی تعمیر بھی کی جا رہی ہے۔ اس کے لیے گوشہ درود کے ہال کے پچھلے حصے سے بیسمنٹ میں داخلہ کے لیے مشرقی اور مغربی سمت دو جگہ سے سیڑھیاں بنائی جا رہی ہیں۔ ان سیڑھیوں کے ساتھ ہال کے اوپر دو دیواریں بھی کھڑی کر دی گئی ہیں۔

گوشہ درود کے اقامتی بلاک کی کھدائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد یہاں بھی عمارت کھڑی کی جائے گی۔ دریں اثناء ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے دیگر مرکزی قائدین کے ساتھ اقامتی بلاک میں ہونے والے کھدائی کے کام کا خود جائزہ لیا اور انہوں نے اس کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس عمارت کی تعمیر کے لیے ماہر انجینئرز کی ٹیم بھی تکنیکی حوالے سے اس کی نگرانی میں دن رات مصروف عمل ہے۔

تبصرہ

Top