مینارۃ السلام کے رہائشی بلاک کے تہہ خانہ کے لینٹر کی تعمیر

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی عمارت مینارۃ السلام کے رہائشی بلاک کے تہہ خانہ پر زیر زمین لینٹر کا تعمیری کام تیزی سے جاری ہے۔ مرکزی سیل سنٹر کے ساتھ بننے والے اس بلاک کے لیے گزشتہ دنوں زیر زمین کھدائی کے بعد تعمیراتی کام شروع کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر بنیادوں کی تعمیر کے بعد لینٹر کے لیے 15 فٹ لمبے سریے کھڑے کر دیئے گئے ہیں۔ عمارت کی بنیادوں میں چاروں اطراف لگے ان سریوں کے ساتھ تعمیراتی کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس لینٹر میں سریوں کے علاوہ سمینٹ اور دیگر تعمیراتی میٹریل کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

مینارۃ السلام کے اس رہائشی بلاک میں دو منزلہ عمارت بنائی جائے گی۔ جس میں گوشہ درود کے گوشہ نشینوں کے لیے رہائش کا اعلیٰ ترین انتظام ہو گا۔ اس عمارت کے دائیں طرف مینارۃ السلام کے مینار کی تعمیر بھی جاری ہے۔ مینار کی تعمیر کے لیے لینٹر کا دوسرا مرحلہ شروع کیا گیا ہے جس میں زمین کی سطح سے 12 فٹ بلند ھیوی سریے لگائے گئے ہیں۔ سریے لگانے کے بعد ان دنوں وقتی طور پر مینار کی تعمیر روک دی گئی ہے۔ مینارۃ السلام کے 65 فٹ بلند مینار کی جگہ پر ابھی بھی مٹی کا ایک بڑا ڈھیر بدستور موجود ہے۔ اس مٹی کو مینار کی جگہ پر تعمیراتی کام میں استعمال کیا جائے گا۔

مینار کے تعمیراتی کام کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ کی مشرقی سمت سے چار دیواری کو وقتی طور پر گرا دیا گیا تھا اب یہ چار دیواری بھی دوبارہ تعمیر کر دی گئی ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کی عمارت کے سامنے مینارۃ السلام کے ہال کی چھت سے اندر جانے کے لیے چار مختلف سیڑھیاں بھی بنا دی گئی ہیں۔ ان میں دو سیڑھیاں ہال کے دائیں طرف سے سٹیج کو جانے والے داخلی راستے اور دو بائیں طرف ہیں۔

ہال کی چھت کے اوپر تعمیراتی کام کے لیے عملہ کے اوزار اور دیگر تعمیراتی میٹریل بھی پڑا ہے۔ دریں اثناء سال 2007ء کے آخری عشرہ کے گوشہ نشینوں نے مینارۃ السلام عمارت کے تعمیراتی کام کے لیے خصوصی دعا کی ہے۔ اس حوالے سے مورخہ 31 دسمبر کو صبح گیارہ بجے ایک مختصر دعائیہ تقریب گوشہ درود کے رہائشی بلاک پر منعقد کی گئی۔ معزز گوشہ نشینوں نے مینارۃ السلام کے تعمیراتی کام کے مختلف حصوں کو بھی دیکھا۔

گوشہ درود کے تعمیراتی کام کی نگرانی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سمیت دیگر مرکزی قائدین اور ماہر تعمیراتی انجیئنرز بھی کر رہے ہیں۔ مینارۃ السلام کے رہائشی بلاک کی ابتدائی تعمیر جلد مکمل ہو جائے گی۔

تبصرہ

Top