جہانگیر بدر کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

مورخہ: 07 مارچ 2009ء

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، زاہد اسلام، جواد حامد اور سہیل رضا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مخاصمت اور کشیدگی جلد ختم ہو کر مفاہمت ہونی چاہیے اور مفاہمت کیلئے جو کوششیں ہو رہی ہیں اگر خدانخواستہ ناکام ہوئیں تو مفاہمت کیلئے کردار ادا کرسکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات میں گھرا ہوا ہے۔ ادارے تباہ ہیں جمہوریت کی جڑیں کاٹی جاچکی ہیں، ملک میں دہشت گردی کا راج ہے، ان حالات میں مخاصمت اور لڑائی ملک، قوم اور کسی فریق کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بالادست، عدلیہ آزا د اور انتظامیہ کو سیاسی عمل سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں PPP اور ن لیگ کو ناصحانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ نرمی اور لچک پیدا کرکے مفاہمت سے معاملہ کو حل کریں۔ حکومت پر اس سلسلے میں زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اعلیٰ ظرفی اور لچک دار رویے کا مظاہرہ کرے۔ اگر یہ مخاصمت اور محاذ آرائی یوں ہی چلتی رہی تو اس کا انجام خدانخواستہ بہت بھیانک ہوگا۔ علاقائی اور بین الاقوامی طاقتیں ان حالات کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کو صومالیہ اور افغانستان بنانا چاہتی ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کے لیے محاذ آرائی کو فی الفور ختم کرکے مفاہمت اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ان حالات میں اپنی ذمہ داریوں کو پہچانے اور ترش باتوں کو بھی نرم اندا ز میں پیش کرے تاکہ صورتحال بگڑ نے کی بجائے درستگی کی طرف بڑھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر بدر نے کہا کہ PPP اور عوامی تحریک اکٹھے کام کرتے رہے ہیں آج کی ملاقات تعلقات بحال رکھنے اور آگے بڑھنے کیلئے ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں اور دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے علمی، سماجی اور روحانی کام کی معترف تھیں۔ PPP کے قائدین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

تبصرہ

Top