منہاج یونیورسٹی میں سالانہ محفل ذکر حبیب کبریا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ محمد شاہد اختر اور حافظ محمد عمر علی نے مورخہ 6 اپریل 2009ء پیر کی رات پر کیف روحانی ساعتوں میں دوسری سالانہ محفل ذکر حبیب کبریا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام صفہ ہال مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں کیا۔

محفل پاک کی صدارت شیخ اللغہ والادب پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی نے فرمائی۔ حافظ محمد آصف قادری سابق صدر بزم منہاج اور محمد حفیظ کیانی نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ قاری سید خالد حمید کاظمی (کالج آف شریعہ) نے تلاوت کلام الٰہی سے محفل کا باقاعدہ آغاز کیا۔ سلسلہ ذکر حبیب کبریا حافظ محمد رمضان قادری کی خوبصورت آواز سے ہوا۔ انکے بعد بلبل منہاج القرآن عمر فاروق محدومی نے اپنی خوبصورت آواز میں مدحت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کی۔ محمد قاسم مدنی نے اپنی خوبصورت آواز میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں مدحت سرائی کی۔ اس کے بعد منہاج یونیورسٹی کے مشہور نعت خوان قاری عنصر علی قادری سٹیج کی زینت بنے اور نہایت خوبصورت انداز میں شان حبیب کبریا پیش کی۔

پروگرام کے دوسرے مرحلے میں قاری کرامت علی نعیمی نے بہت ہی پر کیف انداز میں تلاوت کلام الٰہی سے محفل پر ایک روحانی کیفیت طاری کر دی۔ تلاوت کے بعد انہوں نے نہایت ہی خوبصورت انداز میں مدحت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی۔ نقیب محفل نے انکے بعد خانوادہ سادات کے چشم و چراغ سید عبد الغفور گیلانی کو دعوت مدحت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دی۔ جنہوں نے اپنے منفرد لہجے میں محبوب خدا کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

آخر میں ملک پاکستان کے نامور ثناء خوان گروپ، منہاج یونیورسٹی کی شان اور پہچان شہزاد برادران نے اپنے منفرد انداز میں محفل کا رنگ دوبالا کر دیا۔ مہمانان گرامی میں شہزاد رسول قادری (آرگنائزر بزم قادریہ)، مظہر الحق، غلام مصطفیٰ، ظفر اقبال، صابر حسین نقشبندی (انچارج سٹوڈنٹ افیئر)، رانا محمد اکرم قادری اور غلام مجتبیٰ طاہر تھے۔ طلبہ اور عوام نے ذوق و شوق سے محفل میں شرکت کر کے اپنی عقیدت کا ثبوت دیا۔ محفل کے اختتام پر استاذ الاساتذہ پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی صاحب نے دعا فرمائی۔

تبصرہ

Top