یوتھ سیمینار برموقع یوم تاسیس منہاج القرآن یوتھ لیگ

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 21ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں یوتھ سیمینار بعنوان 'تو شاہیں ہے بجلیوں میں آشیاں تعمیر کر' کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بلال مصطفوی نے کی۔ یوتھ سیمینار میں مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن تھے۔ سیمینار میں محترم شاہد لطیف قادری مرکزی ناظم تعلیمات تحریک منہاج القرآن، منصور بلال علوی، بابر علی چودھری، ملک تنویر، اعجاز وڑائچ، ثناء اللہ طاہری، طیب ضیاء، عتیق الرحمان چودھری، میاں کاشف محمود اور عمران بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔ اشتیاق حنیف مغل نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔ تلاوت و نعت شریف سے سیمینار کا آغاز ہوا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 21ویں یوم تاسیس کے موقع تمام ممبران، رفقاء اور عہدیدران کو سلام اور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ روز اول سے لیکر آج تک حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شانہ بشانہ اصلاح معاشرہ، قیام امن، اور تعمیر وطن کے لئے اس عظیم مصطفوی قافلہ کے ساتھ جہد مسلسل میں شریک ہے۔ یوتھ لیگ تحریک منہاج القرآن کا ہراول دستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ لیگ ہمارا فخر ہے۔ یوتھ لیگ ہمیشہ سے تحریک اور قائد تحریک کی امیدوں پر پورا اتر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں منہاج القرآن یوتھ لیگ نے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس میں بیک وقت مذہبی، اخلاقی، تعلیمی، اور سماجی کاموں میں شریک ہوکر وہ قوم کی بہترین خدمت کرسکتے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ یوتھ لیگ قائد کے پیغام امن و محبت کو عام کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

بلال مصطفوی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے کہا الحمدللہ آج تعمیر وطن، اصلاح معاشرہ اور فروغ امن و شعور کے اس عظیم کارواں کی پرامن جدوجہد کو 21 سال ہوچکے ہیں۔ اور اس موقع پر ہم شیخ الاسلام ڈاکتر محمد طاہر القادری کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے نوجوانان ملت کو ایک ایسا پرامن پلیٹ فارم مہیا کیا جس پر جمع ہوکر وہ تعمیر وطن کی عظیم جدوجہد میں شریک ہیں اور معاشرے کی اصلاح کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے طول و عرض میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحصیل یونٹ کام کر رہے ہیں جو نوجوانون کو وطن عزیز پاکستان کے مسائل کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی آگاہی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے آگے آئیں گے اور اندرونی اور بیرونی سازشیں دم توڑ جائیں گی۔ سیمینار کے آخر پر فیلڈ میں بہترین خدمات سر انجام دینے والے کارکنوں کو شیلڈز اور مصطفوی میڈلز پیش کئے گئے۔

رپورٹ: چودھری عتیق الرحمان

تبصرہ

Top