حسین پورہ، لاہور میں ہیپاٹائٹس کیخلاف منہاج فری میڈیکل کیمپ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن حسین پورہ، واہگہ ٹاؤن، لاہور کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد مورخہ 15 نومبر 2009ء کو ہوا جس میں بلڈ گروپنگ، ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ اور ہیپاٹائٹس بی کی فری ویکسینیشن کی گئی۔ مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ کیمپ لگائے گئے۔ کیمپ میں کل 1500 افراد کے ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ کیے گئے اور 500 افراد کو ہیپاٹائٹس بی کی فری ویکسینیشن کی گئی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ناظم ڈاکٹر شاہد محمود اور محمد احمد معین نائب ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس کے علاوہ متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی وزٹ کیا جن میں سید صداقت حسین شاہ نوائے وقت، ملک محمد اشرف اعوان، ڈاکٹر خالد پرویز شیرازی اور شمس الدین تھے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر محمد عمر سینئر نائب ناظم واہگہ ٹاؤن، شیخ وکیل احمد، ڈاکٹر طارق، ڈاکٹر شاہد اقبال، محمد آصف، فریاد مسیح اور منہاج القرآن ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن کی شہانہ کوثر، آمنہ بی بی اور دیگر افراد کو مبارکباد پیش کی کہ جنہوں نے دن رات ایک کر کے کیمپ کو کامیاب کر نے کے لئے کوشش کی۔

ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تعلیم، صحت اور فلاح عام کے عظیم منصوبہ جات پر عمل پیرا ہے اور اسکے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے پورے ملک میں ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ اب تک 35 ہزار سے زائد افراد فری میڈیکل سہولیات سے استفادہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملک کے طول عرض میں عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے منہاج فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد عمل میں لاتی ہے۔ جہاں قابل ترین ڈاکٹرز کے ذریعے عوام الناس کو علاج معالجہ کی سہولت مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اب تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اس منصوبہ پر ایک کروڑ سے زائد رقم خرچ کرچکی ہے۔

تبصرہ

Top