جھنگ میں منہاج یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام جھنگ میں منہاج یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیموں نے حصہ لیا اور ٹورنامنٹ کے تمام پول میچز چک نمبر 269 ہائی سکول کے گراؤنڈ میں ہوئے۔ منہاج یوتھ لیگ کے صدر بلال مصطفوی اور ممبر قومی اسمبلی جھنگ شیخ وقاص اکرم فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ منہاج یوتھ لیگ کے سیکرٹری دعوت طیب ضیاء اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل یوتھ لیگ ثناء اللہ طاہری بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

فائنل میچ کے لیے گراؤنڈ میں چاروں طرف منہاج یوتھ لیگ کے ہورڈنگ لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر علاقے بھر سے شائقین کی بہت بڑی تعداد فائنل میچ دیکھنے کے لیے موجود تھی۔ فائنل میں بھبھرانہ کلب اور الاقبال کلب کی ٹیموں کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ جس میں بھبھرانہ کلب نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی۔

فائنل کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں معزز مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تعارف پر مشتمل مختصر ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ فاتح کپتان کو ٹرافی دی گئی جبکہ کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے گئے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی اور علاقہ بھر سے دیگر معزز مہمانوں کو "المنہاج السوی" بطور تحائف پیش کیا گیا۔

اس ٹورنامنٹ کا مقصد منہاج یوتھ لیگ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا پیغام دینا تھا۔ ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 269 کے ہیڈ ماسٹر رانا محمد ارشد خان، منہاج یوتھ لیگ جھنگ کے تحصیلی صدر حافظ محمد شفیق، منہاج یوتھ لیگ تحصیل جھنگ کے نائب صدر محمد بلال سمرا، منہاج القرآن یوتھ لیگ یوسی 47 جھنگ کے صدر اللہ دتہ اور حافظ محمد شکیل قادری نے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔

تبصرہ

Top