سرائے عالمگیر: منہاج نعت کونسل کے زیراہتمام محفل نعت بسلسلہ استقبال ماہ رمضان

منہاج نعت کونسل اور مکی مدنی نعت اکیڈمی سرائے عالمگیر کے زیراہتمام 9 جولائی 2013ء کو استقبال رمضان کے سلسلہ میں ایک محفل نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر محمد غضنفر اقبال شانی، ڈاکٹر محمد امین سجاد، مرزا منیر ایوب، حسنین ارشد، قیصر جرال اور پیر ہارون محفل میں مہمان خصوصی تھے۔ علاوہ ازیں الحاج محمد منیر شہزاد اور حاجی محمد عظیم سجاد نے بھی پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ رفاقت علی نے حاصل کی۔

ثناء خوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حافظ محمد ہارون گل، علی شان قادری، راحیل احمد قاسمی، محمد ظہیر عباس قادری، محمد انس قادری، محمد جمیل شریف، عرفان حنیف، محمد مزمل، محمد حسنین شفیق اور بالخصوص نور ٹی وی کے علی رضا سجاد نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے گلہائے عقیدت پیش کیے۔

محفل میں بچوں نے مقابلہ حسن نعت میں بھی بھرپور حصہ لیا اور آقا علیہ الصلوۃ و السلام کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کرتے رہے۔ اس موقع پر حافظ خرم سجاد قادری فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور نے’’رمضان کا معنی و مفہوم‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ جبکہ علامہ حافظ طارق محمود چوہدری نے فضائل رمضان پر مفصل گفتگو کی۔

آخر میں مقابلہ حسن نعت کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے گئے جس میں حافظ محمد ہارون گل نے پہلی، علی شان قادری نے دوسری اور محمد مزمل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ محفل کے اختتام پر درود وسلام پیش کیا گیا اور اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا پیش کی گئی۔

رپورٹ : ڈاکٹر محمد امین سجاد

 

تبصرہ

Top