راولپنڈی پریس کلب میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا خصوصی خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے صاحبزادے جناب حسین محی الدین قادری تحریکی دورہ کے سلسلسہ میں راولپنڈی تشریف لائے۔ ان کی آمد پر تحریک منہاج القرآن کے ضلعی عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد نے پرجوش استقبال کیا۔ اس دورہ کے سلسلہ میں راولپنڈی پریس کلب میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کا باقاعدہ آغاز حاجی عظمت علی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جسکے بعد حلقہ پی پی 14 کے ناظم جناب رانا سرور نے بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نعت شریف پیش کی۔

تلاوت قرآن پاک اور ھدیہ نعت کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے 45 منٹ کا ولولہ انگیز فکری خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے انقلاب، مجدد اور تحریک منہاج القرآن کی 26 سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اپنی تقریر میں انہوں کہا کہ سیاسی انقلاب سے قبل روحانی انقلاب ناگزیر ہوتا ہے۔ مسلم امہ آج جس سنگین اور پر فتن دور سے گزر رہی ہے اس کا حل تحریک منہاج القرآن نے روحانی پلیٹ فارم قائم کر کے دے دیا ہے۔ اور اب یہ ہمارا کام ہے کہ ہم اس شمع کو کیسے قائم رکھتے ہیں۔

انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ھم جس مقام پر کھڑے ہیں یہ سب ھمارے قائد کی شفقت ہے۔ آج ہمیں مصطفوی انقلاب کی شمع کو عملی طور پر روشن کرنا ہو گا۔ تحریک منہاج القرآن وہ روحانی انقلاب ہے جو شیخ الاسلام کی سرپرستی میں آج دنیا بھر میں پھیل چکا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف علم ودانش کا وہ علمی ذخیرہ ہیں جس سے آنے والی نسلیں سیراب ہوں گی۔ آخر میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے تحریکی عہدیداران اور رفقاء کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں راولپنڈی کے ضلعی عہدیداران، پی پی حلقہ جات کے ناظمین اور رفقاء کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے بھی شرکت کی۔ جبکہ دیگر شرکاء میں پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر نعیم علی، نائب امیر تحریک پنجاب عبدالحئی علوی، تحریک منہاج القرآن ضلع راولپنڈی کے ناظم امجد چوہدری، اسلام آباد رولر ایریا کے ناظم مظفر شاہ، اسلام آباد سٹی کے ناظم سہیل مفتی اور پیر سید صدیق شاہ بھی شامل تھے۔ اس تقریب کے اختتام پر جناب پیر سید صدیق شاہ نے دعا کی۔






تبصرہ

Top