اللہ کے نیک بندوں کی سنگت دنیا و آخرت میں کام آتی ہے: علامہ غلام ربانی تیمور کا نارنگ منڈی میں خطاب

مورخہ: 23 مارچ 2019ء

آستانہ غوثیہ ترمذیہ (المعروف ڈیرہ بابا بھولا) رفیق آباد نارنگ منڈی میں خواجہ خواجگان حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک اور صوفی محمد افضل قادری المعروف بابا بھولا کے ایصال ثواب کے سلسلہ میں محفل نعت ومحفل سماع منعقد ہوئی، جس کی صدارت پیر طریقت سید حسین شاہ (سجادہ نشین آستانہ پیر بابا بونیر شریف خیبر پختونخواہ ) نے کی۔ محفل میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ غلام ربانی تیمور نے خطاب کیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نعیم الحسن سعیدی (امام جامع مسجد غوثیہ، غوثیہ کالونی نارنگ) نے حاصل کی جبکہ صداقت علی سیالوی، محمد احمد ظفر اور رانا محمد جاوید بازید نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ شیخوپورہ کے معروف قوال عبدالرزاق نے مختلف کلام پیش کئے۔

علامہ غلام ربانی تیمور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری نبی بنا کر بھیجا مگر ان کی تعلیمات کے فروغ کے لئے قیامت تک کے لئے اولیا اللہ کی آمد کا ایک سلسلہ شروع کر دیا اور یہ اللہ کے نیک ا ور برگزیدہ بندے بنی نوع انسان کی اخلاقی وروحانی تربیت کے لئے شب وروز مصروف ہیں اور ان کی سنگت دنیا وآخرت میں کام آتی ہے۔

محفل کی نگرانی صاحبزادہ محمد وسیم افضل قادری، صاحبزادہ محمد کلیم افضل قادری اور صاحبزادہ محمد نعیم افضل قادری نے کی۔ محفل میں علاقہ کے معززین، علما کرام اور سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مولانا مفتی محمد زرین (خطیب جامع مسجد عمر فاروق)، مولانا محمد یونس رضا (خطیب جامع مسجد محلہ پیر بخاری)، قاری بابر چشتی (خطیب جامع مسجد نارنگ موڑ)، منہاج القرآن ضلع شیخوپورہ کے صدر خرم نثار قادری، سابقہ صدر منہاج القرآن نارنگ منڈی ساجد محمود بھٹی، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور دیگر کارکنان و وابستگان کے علاوہ آستانہ غوثیہ ترمذیہ سے منسلک مریدین ومتوسلین نے بھر پور شرکت کی۔

محفل کے اختتام پر صاحبزادہ محمد کلیم افضل قادری (سجادہ نشین) نے جملہ حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ سید حسین شاہ (سجادہ نشین آستانہ پیر بابا بونیر شریف) نے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ: ابو صابر و اویس (نارنگ منڈی)

تبصرہ

Top