منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے مرکز لاکورنیو میں حج کیمپ 2011 کا انعقاد

منہاج القرآ ن انٹرنیشنل فرانس کے مرکز لاکورنیو پر مورخہ 08 اکتوبر 2011ء بروز ہفتہ کو حج کیمپ 2011ء کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے مناسک حج اور سفری معلومات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عظیم پراجیکٹ ’’ آغوش‘‘ کی مصروفیات کی وجہ سے گذشتہ دو سال سے فرانس کا حج قافلہ روانہ نہ ہوسکا، اب جبکہ آغوش کی تکمیل مکمل ہو چکی ہے اس لئے اس سال 17 اکتوبر 2011ء کو علامہ حافظ محمد اقبال اعظم کی قیادت میں حج قافلہ روانہ ہورہا ہے۔ اس سے قبل آپ 12 حج قافلوں کی قیادت کر چکے ہیں۔ اس سال فرانس سے جانے والا حج قافلہ 60 عازمین حج (مرد وخواتین) پر مشتمل ہے جو سعودی عرب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مناسک حج اد اکریں گے۔ انتظامیہ نے تمام عازمین حج کو دوران سفر پڑھی جانے والی دعائیں تحریری صورت میں مہیا کیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد اسلم نے حج کمیٹی کے ممبران کا تعارف کرایا۔ حج کمیٹی میں سینئر نائب صدر رانا محمد اشرف، صدر پاکستان عوامی تحریک چودھری محمد ظفر اقبال اور ممبر مجلس شوری شبیر البدر شامل ہیں۔ حج کمیٹی کے ممبر شبیر البدر کی طرف سے تمام عازمین حج کو تسبیح بطور گفٹ پیش کی جبکہ مسزحاجی صدیق نے خواتین کو سکارف بطور گفٹ پیش کئے۔ کیمپ کے اختتام ہر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے خصوصی دعا کرائی اور شرکائے کیمپ کوپرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔

رپورٹ:عدنان شفقت

تبصرہ

Top