فرانس: ڈاکٹر حسین محی الدین کی صدارت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کا اجلاس

پیرس (اے کے راؤ) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی سربراہی میں یکم ستمبر 2016 کو منہاج اسلامک سینٹر پیرس میں منہاج القرآن فرانس کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی، چوہدری محمد اعظم، علامہ میر حسن قادری، علامہ حافظ نذیر احمد قادری اور علامہ رازق حسین سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ مسلمان جب تک علوم و فنون اور جدید تحقیق کے فروغ کیلئے کوشاں رہے دنیا کی امامت کا تاج ان کے سر رہا، جب سے وہ علم و تحقیق کے راستے سے ہٹے ہیں غلامی کے طوق انکی گردنوں کا ہار ہیں۔ انہوں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت مسلم دنیا میں ہر طرف جمود تاری ہے۔ ہم فروعی اور ثانوی مسائل پر وقت ضائع کر رہے ہیں، مقصدیت اور شعوری آگاہی سے دور ہیں۔ رب کائنات تحرک کو پسند کرتا ہے جمود اسے پسند نہیں، جو اس کی منشاء کے مطابق محنت کرتا ہے وہ اسی کو عطا کرتا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی اللہ تعالیٰ کی صفات کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل جدید و قدیم علوم اور عشق مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احیاء کی تحریک ہے جو فروغ امن اور آگہی کے ذریعے نوجوان نسل کی زندگیوں میں مقصدیت لانے کے لیے کوشاں ہے۔

علامہ حسن میر قادری نے دورہ فرانس اور اجلاس میں شرکت پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور حماد مصطفیٰ المدنی کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں پرتکلف اعشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

تبصرہ

Top