پیسے کے زور پر ہماری آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آج یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سب سے پہلے اپنی بہادر پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جس طرح ہماری جری افواج نے 1965ء کو دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہی ہمت اور جرات ہماری قوم میں آج بھی ہے مگر افسوس کہ 1947 سے لے کر آج تک ہم اپنے ہی ملک میں قید ہیں اور غلاموں کی طرح جی رہے ہیں، اور یہ جغرافیائی تقسیم آج ہماری آزادی کہلا رہی ہے۔ ہمارے ملک کے لٹیرے حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لیے دولت لوٹ کر ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ہمارے نوجوان اپنے ملک کے لیے مر مٹنے کے لیے تیار ہیں مگر حکمرانوں نے انہیں پس پردہ رکھا ہوا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پیسے کے زور پر ہماری آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن سانحہ ماڈل ٹائون کے شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے تک شاہراہ دستور پر بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا ان حکمرانوں کی موجودگی میں کوئی مستقبل نہیں ہے، جعلی ڈگری والوں کے پاس قوم کے پڑھے لکھے بیٹے نوکریوں کیلئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالات نے اس قوم کو مردہ بنادیا ہے، ہماری تحریک نے قوم کو جگا دیا قوم کو مزید نہیں دبایا جاسکتا۔

ڈاکٹر قادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملکی دولت اپنی عیاشیوں پر خرچ کی، پاکستان کے وسائل پر ہمیشہ ڈاکہ ڈالا گیا، ملک آزاد ہونے کے باوجود عوام غلام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو انقلاب مارچ کے اسکولز میں پڑھائی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے علامہ علی اکبر کمیلی کے قتل کی مذمت کی ہے۔

ذرائع: اب تک نیوز ٹی وی

تبصرہ

Top