صدر منہاج ایشیئن کونسل علی عمران کا دورہ ساؤتھ کوریا و تنظیم سازی

مورخہ: 07 مئی 2011ء

منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران مورخہ 07 مئی 2011ء بروز ہفتہ تین دن کے تنظیمی دورہ پر کمپو ائیرپورٹ ساؤتھ کوریا پہنچے۔ ائیر پورٹ پہنچنے پر منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری، علامہ غلام ربانی تیموراور علامہ حافظ محمد انور نے استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

ہفتہ کی رات 8 بجے منہاج القرآن کوریا نے گلیکسی ویو ہوٹل میں علی عمران کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں ساؤتھ کوریا کی ایگزیکٹو کونسل کے عہدیداران اور سینیئر تحریکی ساتھیوں نے شرکت کی۔ مورخہ 08 مئی 2011ء بروز اتوار 2 بجے دن منہاج القرآن کوریا کی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقدہوا جس میں کوریا کے مرکزی عہدیداران کے علاوہ تمام ذیلی تنظیمات کے عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عابد کمال (ناظم منہاج القرآن تھیگو سٹی) نے حاصل کی، محمد خضر نوشاہی اور محمد ابوبکر نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے علی عمران کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنے قیمتی وقت کے باوجود تنظیمی وزٹ پر کوریا تشریف لائے اور یہ تحریک کی چودہ سالہ تاریخ کا پہلا واقع ہے کہ کسی سینیئر ساتھی نے تنظیمی معاملات کے لئے کوریا کا وزٹ کیا۔ محمد جمیل چودھری نے تمام تنظیمات کے عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کیا اور اجلاس کے اغراض ومقاصد بیان کئے۔

منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران نے جملہ ممبران شوریٰ کا شکریہ ادا کیااور تنظیم سازی کے مرحلہ کا آغاز کرتے ہوئے بریفنگ دی اور تمام تنظیمات کو مشاورت کا وقت دیا گیا جب مشاورت مکمل ہوگئی تواسکے نتیجہ میں مشترکہ طور پر سال 12-2011 کے لئے ساؤتھ کوریا کی ایگزیکٹو باڈی کے لئے مردان علی قادری کو صدر، مرزا ساجد بیگ کو ناظم، منورقادری کو ناظم مالیات اور محمد بوٹا قادری کو نائب ناظم مالیات منتخب کیا گیا۔ مذکورہ باڈی بقیہ تنظیم مکمل کر کے منہاج ایشیئن کونسل کو بھجوائے گی جس کی مرکز سے منظوری حاصل کی جائے گی۔

مجلس شوریٰ کے جملہ اراکین نے سابقہ تنظیم کی کارکردگی کو سراہا اور بالخصوص محمد جمیل چودھری کی خدمات کے اعتراف میں ایک شاندار تقریب کے انعقاد کا اعلان کیا۔اجلا س کا اختتام دعائے خیرسے ہوا اور جملہ شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ: مردان علی قادری

تبصرہ

Top