ڈبلن: تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام ڈبلن میں شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی پیر غلام دستگیر تھے۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے قائدین و کارکنان کے علاوہ پی ٹی آئی آئرلینڈ، پی ٹی آئی کشمیر آئرلینڈ اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز منہاج القرآن آئرلینڈ کے فنانس سیکرٹری حافظ سعید احمد بھٹی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا، جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت منہاج نعت کونسل کے رکن علی بٹ قادری، نائب صدر منہاج القرآن رضوان احمد طور اور رابطہ سیکرٹری سید ذیشان شاہ نے پیش کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔

مہمان خصوصی پیر غلام دستگیر اور دیگر مقررین شکیل کاظمی اور وسیم بٹ نے فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہادت امام حسین علیہ السلام سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا حق کے ساتھ کھڑے ہوکر ظالم اور باطل طاغوتی طاقتوں کے سامنے سینہ سپر ہونا ہے۔

اس موقع پر حاضرین کو پروجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ’’شہادت امام حسین علیہ السلام‘‘ کے موضوع پر خطابات کے ویڈیو کلپ بھی دکھائے گئے۔

پروگرام میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور آخر میں تمام عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ اقدس میں کھڑے ہوکر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ آخر میں پیر غلام دستگیر نے امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

کانفرنس میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں سولیسٹر چوہدری عمران خورشید، عتیق الرحمٰن باجوہ، چوہدری عجائب، بلال اعوان، محمد یوسف، سید قاسم شاہ، محمد عباس اور نعمان بھٹہ شامل تھے۔ اس کانفرنس کے انتظام و انصرام میں مدثر بھٹی، ارسلان خان، راؤ ذیشان، رانا عبد المنان، شہزاد احمد، شعیب، رانا فیصل، اسامہ سمرا اور دیگر احباب کے انعقاد میں تعاون کیا۔ آخر میں حسینی لنگر بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ، ڈبلن آئرلینڈ

تبصرہ

Top