دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم دینے کے لئے منہاج القرآن کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح

گذشتہ 30 سال سے منہاج القرآن انٹرنیشنل پاکستان اور دنیا بھر میں فروغ تعلیم کے لئے سرگرم عمل ہے اور اس کے تحت پاکستان میں 573 سکولز و کالجز اور 1 یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے جہاں سے ہر سال ہزاروں طلبہ و طالبات علم کے زیور سے آرستہ ہوتے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے جنرل سیکرٹری نوید احمد اندلسی نے مورخہ  20  جنوری 2011 ء کو میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں جب انٹرنیٹ کی وجہ سے پوری دنیا سمٹ کر ایک گاؤں کی شکل اختیار کر چکی ہے تو بالخصوص یورپ و امریکہ کے ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کے لئے اپنے بچوں کو پاکستان بھیج کر تعلیم دلوانا مشکل بلکہ ناممکن ہو جاتا ہے، اس تمام صورتحال میں منہاج القرآن انٹرنیشنل نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے 2010ء میں انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم فراہم کرنے کے لئے ای لرننگ کے نام سے شعبہ کا آغاز کیا۔ اس پروگرام کے تحت پہلے سال عرب، آسٹریلیا، یورپ اور امریکہ کے ممالک سے سینکڑوں طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ جنوری 2011ء میں اس شعبہ کی الگ ویب سائٹ www.equranclass.com  بھی لانچ کردی گئی ہے۔

نوید احمد اندلسی نے مزید کہا کہ ای لرننگ میں گذشتہ سال ناظرہ قرآن کریم کورس، قرآت و تجوید کورس، عرفان القرآن کورس اور ترجمہ شامل تھے، اس سال ان میں مزید اضافہ کرتے ہوئے حدیث کورس، سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کورس، عقائد کورس، عربی زبان کورس اور اردو زبان کورس بھی شامل کئے گئے ہیں۔ اس طرح اپنی ثقافت اور اپنے دین کے علم کے لئے ہر عمر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کے لئے نیا موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔ ان کورسز کو چلانے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد اور منہاج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے قابل اساتذہ تدریسی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top