منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی نئی کلاس کا آغاز

مورخہ: 02 مئی 2011ء

منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا میں مورخہ 02 مئی 2011ء بروز سوموار کو سپانش زبان سکھانے کی نئی کلاس کا آغاز کیا گیا۔ نئی کلاس کی افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد موسیٰ نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جس کے بعد کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے تمام طلباء کو خوش آمدید کہا اور پروجیکٹر کے ذریعے سپانش کلاس کے قواعد وضوابط کی تفصیلات بتائیں جس میں کلاس کا دورانیہ، کلاس کے اوقات کار، طریقہ داخلہ اور طریقہ تدریس شامل ہیں۔ کلاس میں داخل ہونے کے لئے زیادہ امیدواروں کی آمد کے وجہ سے قرعہ اندازی کے ذریعے 70 میں سے 30 طلباء کو منتخب کیا گیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر محمد اکرم بیگ، ناظم مالیات محمد نواز قادری اور ناظم ویلفیئر چودھری پرویز اختر نے تمام طلباء کو کلاس میں خوش آمدید کہا اور بتایا کہ یہ کلاس منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے بالکل مفت شروع کی گئی ہے۔ انھوں نے تمام طلبہ کو اس بہترین موقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔

منہاج القرآن سپین کے زیر انتظام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سہ ماہی بنیادوں پر گذشتہ 2 سال سے سپانش زبان سکھائی جارہی ہے، ہر کلاس میں 30 طلباء کا داخلہ کیا جاتا ہے، تدریس کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے کلاس ہفتے میں متواتر پانچ دن ہوتی ہے اور کام کاج کے اوقات کار کومد نظر رکھتے ہوئے کلاس رات 9 بجے سے 11 بجے تک رکھی گئی ہے۔ اسی طرح تدریس کے عمل کو بہترین انداز میں انجام تک پہنچانے کے لئے کسی بھی طالبعلم کو کلاس سے چھٹی کرنے کی اجازت نہیں تاہم انتہائی ہنگامی صورت میں ثبوت اور پیشگی اطلاع کے ساتھ چھٹی کی جاسکتی ہے۔ تدریس میں باقاعدگی قائم رکھنے کے لئے سپانش زبان کی سرکاری سطح پر منظور شدہ نصابی کتاب سے سپانش پڑھائی جاتی ہے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top