سپین: منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کے طلبہ کے اعزاز میں شاندار الوداعی پارٹی

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 2 اپریل 2013 ء کو شروع ہونے والی سپانش زبان کی کلاس 28 جون 2013ء کو مکمل ہوئی جس کے فارغ التحصیل طلباء کے اعزاز میں29 جون 2013ء کو ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ، صدر مصالحتی کونسل سپین محمد اقبا ل چوہدری، صدر منہاج یوتھ لیگ سپین بلال یوسف مصطفوی، حاجی محمد افضل، معروف سماجی شخصیت قاری عبدالرحمان چوہدری، کلاس کے سابق طلباء راحیل اکرم ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر عبد المنان نے خصوصی شرکت کی۔

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہسپانوی زبان کی آئندہ کلاس عید الفطر کے اگلے روز شروع ہو گی۔الوداعی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے حافظ محمد وقاص نے کیا اور حافظ علی احمد نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جس کے بعد فارغ التحصیل طلباء نے سہ ماہی کلاس کے متعلق اپنی اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور دیگر دنیوی علوم کے بارے میں بھی مفید معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا، طلباء نے بتایا کہ انہیں کلا س کا ڈسپلن بہت پسند آیا اور یہاں جس آسان انداز میں اور انتہائی مختصر عرصہ میں ابتدائی سپانش زبان لکھنا، پڑھنا اور بولنا سکھائی گئی ایسا کسی اور جگہ ممکن نہ تھا، اس کلاس میں پڑھنے کی بدولت اب مقامی سرکاری دفاتر یا ڈاکٹر کے پاس جانے کے لئے انہیں کسی مترجم کی خدمات کی ضرورت نہیں رہے گی۔ طلباء نے بتایا کہ اس کلاس میں آنے کے باعث انہیں تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر نیٹ ورک اور اس کی دعوتی، تدریسی اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل ہوئیں اور تحریک کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ذات کے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ بھی ہوا۔بعض طلباء نے بتایا کہ وہ عرصہ دراز سے منہاج القرآن بارسلونا کی اس کلاس میں داخلہ لینے کے خواہش مند تھے لیکن قرعہ اندازی میں اُن کا نام نہ نکل سکا تاہم وہ ہر دفعہ داخلہ کے دن قسمت آزماتے رہے۔ طلباء نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کلاس میں گزارے گئے وقت کو کبھی بھول نہ پائیں گے۔

مرزا محمد اکرم بیگ، محمد اقبال چوہدری، قاری عبدالرحمان، بلال یوسف مصطفوی اور راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے اپنی گفتگو میں طلباء کو زبان سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے، دیار غیر میں بامقصد زندگی گزارنے، دینی و دنیوی علوم کے حصول کا سلسلہ جاری رکھنے، دین اسلام کی ترویج بذریعہ حسن کردار و اخلاق اور وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار اداء کرنے کی تلقین کی، تقریب کے معزز مہمانوں نے بارسلونا (سپین) کی پاکستانی کمیونٹی کی فلاح اور راہنمائی کے لیے نوید احمد اندلسی کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے ہوئے انہیں خصوصی مبارک باد پیش کی۔

کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے اپنی گفتگو میں طلباء کو تلقین کی کہ وہ سپانش زبان کو اپنے کام کاج کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی ترویج کے لئے بھی استعمال کریں اور سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں، انہوں نے طلباء کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ کلاس کے بعد بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل سے اپنی وابستگی قائم رکھیں اور تحریک کے بارے مزید معلومات کے حصول کے لیے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سے اپنا تعلق قائم رکھیں۔اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے الوداعی پارٹی کے احسن انتظامات کرنے پر منہاج القرآن بارسلونا کی نظامت اجتماعات کے سربراہ حاجی محمد افضل اور ان کی ٹیم کا شکریہ اداء کیا۔

واضح رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام اکتوبر 2009ء سے سہ ماہی بنیادوں پر ہسپانوی زبان کا ابتدائی کورس جاری ہے جس کی چودہویں کلاس کامیابی سے تکمیل پذیر ہوئی ہے، اس کلاس میں ہسپانوی زبان کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور قوانین اوردینی علوم بھی سکھائے جاتے ہیں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکرٹری جنرل نوید احمد اندلسی کی طرف سے تدریسی خدمات مفت میں فراہم کی جاتی ہیں۔کلاس میں داخلہ کے لیے طلباء کی کثیر تعداد کے پیش نظر اکثر قرعہ اندازی کی جاتی ہے اور قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کیا اور کروایا جاتاہے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top