ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہیوسٹن میں نماز عید ادا کی، پانچ اسلامک سنٹرز کے افتتاح کیے

مورخہ: 22 اگست 2018ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امریکہ (ہیوسٹن) جامع مسجد غوث الاعظم میں نماز عید ادا کی، شیخ الاسلام تنظیمی، تربیتی خطابات کے سلسلے میں امریکہ میں ہیں، انہوں نے اس دورہ کے دوران ہیوسٹن میں منہاج القرآن کے زیراہتمام قائم پانچ اسلامک سنٹرز کے افتتاح بھی کیے۔

نماز عید میں شریک اوورسیز رہنماؤں اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ارتکاز دولت کا خاتمہ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم اسلامی فلسفہ معیشت کی بنیاد ہے، قربانی افضل ترین عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ دولت کی تقسیم، روزگار کی فراہمی، غربت میں کمی اور ریاستی سطح پر ریونیو کے حصول کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے۔

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بھی سربراہ عوامی تحریک کے ہمراہ نماز عید ادا کی، نماز عید کی امامت سربراہ عوامی تحریک کے پوتے اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے بڑے صاحبزادے شیخ حماد مصطفی نے کی۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی معیشت اور معاشرت میں متعدل معاشرہ کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر گائیڈلائنز دی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ کا فرمان ہے رشتہ داروں کو ان کا حق ادا کرو اور محتاجوں اور مسافروں کو بھی دو اور اپنا مال فضول خرچی میں مت اڑاؤ، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ صاحب حیثیت لوگوں کی اسلامی و ملی ذمہ داری ہے کہ وہ مستحقین اور غریب رشتہ داروں کا ہر حوالے سے خیال رکھیں، انہوں نے کہا کہ کسی کو صاحب حیثیت ہونے سے ہرگز یہ صوابدیدی اختیار نہیں مل جاتا کہ وہ اللہ کے دیئے ہوئے رزق کی فراوانی کو نمود و نمائش کیلئے استعمال کرے یا فضول خرچی سے کام لے، اسلام ہراعتبار سے اعتدال، توازن اور رواداری کا دین اور ضابطہ حیات ہے۔

تبصرہ

Top