منہاج القرآن علماء کونسل شکر گڑھ کے زیراہتمام علماء کنونشن

منہاج القرآن علماء کونسل شکر گڑھ کے زیراہتمام 16 اکتوبر 2011ء کو عظیم الشان علماء کنونشن منعقد ہوا جس میں شکر گڑھ کے گردونواح سے 100 سے زائد جید علماء کرام نے خصوصی شرکت کی۔ علماء کنونشن میں مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ، منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ الحاج امداد اﷲ خان اور منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے ناظم علامہ میر آصف اکبر معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت اور نعت مبارکہ سے ہوا، جس کے بعد مقامی علماء کے خطابات کا سلسلہ شروع ہوا۔

علامہ مفتی محمد طفیل نے کہا آج خدمت دین میں اخلاص بہت کم ہوتا جارہا ہے۔ ایسے حالات میں تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام دین اسلام کی خدمت کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔

پروفیسر علامہ صاحبزادہ انتظار احمد نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس وقت کے مجدد عصر ہیں، جنہوں نے اسلام پر ہر سمت سے ہونے والے حملوں کا علمی محاکمہ کر کے امت کو علمی سرمایہ بھی عطا کیا ہے۔

علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید امجد علی بخاری نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ذات اقدس کا فیض پوری کائنات کو عطا کیا مگر جو فیض، برکات اور خیرات ڈاکٹر محمد طاہرالقاردی کو ملیں وہ امت اور عالم اسلام کا ناقابل فراموش سرمایہ ہیں۔

علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد نقشبندی نے کہا میں شیخ الاسلام کا شاگرد ہوں اور میری طرح ہزارہا کی تعداد میں ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، علماء اور آفیسرز 30 سال کے مختصر عرصہ میں پوری دنیا میں پھیل چکے ہیں، جو اپنے اپنے علمی محاز پر تحریک منہاج القرآن اور اسلام کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں اس مشن اور قائد کے پیغام کی کامیابی کیلئے اپنے خون کی قربانی دینی پڑی تو اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ میر محمد آصف اکبر نے کہا کہ منہاج القرآن اور عالم اسلام کے وہ خدمات سرانجام دے رہا ہے، جو آنے والی نسل اور صدیوں کا علمی سرمایہ ہیں۔ شیخ الاسلام اس دور کے مجدد دوراں ہیں، جن کی خدمات کو ہمیں ہر سو پھیلانا اور عام کرنا ہوگا۔

مہمان خصوصی علامہ پیر سید فرحت حسین شاہ نے کہا منہاج القرآن علماء کونسل علماء کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے جس کیلئے ائمہ و خطباء کورس، آئیں دین سیکھیں اور عرفان القرآن کورس جیسے پروگرامز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچنا ہوگا کہ ہم نے کس قیادت کے ساتھ چل کے دینی اقدار کا جھنڈا پوری دنیا پر لہرانا ہے۔

علامہ الحاج امداد اﷲ خان نعیمی قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا میں تو ان جاہل ملاؤں کیلئے دعاہی کرسکتا ہوں کہ عوام ان کے چہرے پہچانیں اور انہیں راہ راست پر لانے کیلئے کوشش کریں۔ تقریب کے آخر میں علماء کونسل شکر گڑھ تنظیم کی تقریب حلف برداری ہوئی اور تمام علماء نے اس عزم اور ارادے کا اظہار کیا کہ آئندہ اس علاقے میں صرف اور صرف منہاج القرآن کے وابستہ علماء ہی کو مدعو کیا جائے گا اور علماء کونسل کے تمام اہداف کو پورا کرنے کی کوششیں تیز کردی جائے گیں۔

پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top