انتخابات قوم کی پریشانیوں کا حل نہیں: شیخ الاسلام کا مجلس شوریٰ سے خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت جلد یا بروقت ہونے والے الیکشن ملک و قوم کے ساتھ مذاق ہوگا۔ موجودہ انتخابی نظام کا شاخسانہ ہے کہ آج ادارے ایک دوسرے کے مد مقابل کھڑے ہیں۔ کم از کم تین سال کیلئے دیانت دار، باکردار اور اہل افراد پر مشتمل قومی حکومت کا قیام ہی مسائل کا حل ہے سپریم کورٹ اپنی نگرانی میں قومی حکومت کے قیام کیلئے ریفرنڈم کرائے۔ صرف الیکشن کو مسائل کا حل سمجھنے والے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، چند سیاسی خاندانوں کو ہی اقتدار کا حق دے کر عوام کے استحصال کے بدترین سلسلے کو جاری رکھنا قومی جرم ہو گا۔

موجودہ انتخابی نظام نے کرپشن، مہنگائی، توانائی کے بحران، بے روزگاری، اداروں کے ٹکراؤ، تعلیم و صحت جیسے ضروری شعبوں کو نظر انداز کرنے اور عوامی اداروں کو مفلوج کرنے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ الیکشن کے ذریعے تبدیلی کی باتیں کرنے والے اقتدار میں تھوڑا حصہ لینے کے سوا کچھ نہ کر سکیں گے۔ الیکشن کے بعد کی صورتحال قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہ دے سکے گی۔ وہ گذشتہ روز ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں ہونے والے تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں پانچوں صوبوں سے 1500 عہدیداران نے شرکت کی۔ شوریٰ نے موجودہ انتخابی نظام کو متفقہ قرارداد کے ذریعے مسترد کر دیا اور قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ کوئی سیاسی پارٹی یا شخصیت نہیں موجودہ انتخابی نظام ملک و قوم کا دشمن ہے۔ تحریک منہاج القرآن انتخاب نہیں اصلاحات چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو ری سٹرکچر کرکے غیر جانبدار بنانا ہو گا۔ بوگس ووٹوں کا مکمل اخراج کر کے نئی ووٹر لسٹیں تیار کر کے نادرا کے ID کارڈ کے ساتھ ووٹ ڈلوانے کے عمل کو یقینی بنانا ہو گا۔ فوج اور عدلیہ کے تحت مکمل غیرجانبدار الیکشن کرانا ہوں گے۔ 3 سے 5 پانچ لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ کو مکمل غیر جانبداریت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ سیاسی پارٹیوں کے اندر جمہوری کلچر پروان چڑھانا ہو گا اور برادری ازم اور غنڈہ گردی کے کلچر کی جڑ کاٹنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کا قیام تبھی ممکن ہو گا جب غیر جانبدار الیکشن کمیشن بنیادی انتخابی اصلاحات کو یقینی بنائے گا مگر اس سے قبل ملک کی معیشت کو سنبھالا دینے، کرپشن، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اورتوانائی کے بحران اور غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے قومی حکومت کا قیام ناگزیر ہے اور اس کے لئے سپریم کورٹ اپنا آئینی کردار ادا کرے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہم جمہوریت کے گرم جوش حمایتی ہیں مگر موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے الیکشن جمہوریت کے ساتھ مذاق ہو گا۔ قوم مذاق کے اس تسلسل کو کلیتاً رد کر کے اس استحصالی نظام کوسمندر برد کر دے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شوریٰ کے اجلاس میں ہوشرباء مہنگائی، تونائی کے بد ترین بحران، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے، دہشت گردی کے تسلسل کے خاتمے اور موجودہ انتخابی نظام کی تبدیلی کیلئے قرارداد پیش کی جسے ہاؤس نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ اجلاس میں دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی انجنیئر ارفع کریم کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کر کے اسکی رحلت کو قومی نقصان قرار دیا گیا۔ اجلاس میں مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top