شہر اعتکاف ہزاروں معتکفین کیلئے تیار، رجسٹریشن مکمل

مورخہ: 08 اگست 2012ء

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ، اعتکاف 2012ء کے سربراہ شیخ زاہد فیاض اور سیکرٹری جواد حامد نے شہر اعتکاف میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں آج (جمعرات) شروع ہونیوالے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی شمالی علاقہ جات اور اندرون سندھ اور بلوچستان سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے پورے ملک میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کیلئے جگہ نہیں ہے۔ بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شرکت کر رہے ہیں۔

شیخ زاہد فیاض اور جواد حامد نے کہا کہ انتظامیہ گذشتہ 3 سال سے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے رہی ہے مگر امسال استثنیٰ نہیں دیا جا رہا۔ ہم صدر پاکستان، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیئرمین لیسکو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ شدید گرمی اور حبس میں لوڈشیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد کو وضو اور سحری و افطاری کیلئے پانی کی کمی کا بھی شدید خدشہ ہے۔ اس لئے دس روز کیلئے لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی، قاضی فیض الاسلام اور مرکزی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ منہا ج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے۔ شہر اعتکاف میں مختلف جگہوں پر کیمرے لگا دئیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے پولیس کی بھاری نفری بھی سیکیورٹی پر مامور ہوگی۔

گرمی سے بچاؤ کیلئے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف 4 فٹ قطر کے 60 بڑے پنکھے لگا دئیے گئے ہیں۔ معتکفین کے وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ طہارت خانوں کا بہتر انتظام موجود ہے۔ ہزاروں افراد کیلئے 25 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 4 ایمبولینسز بھی ہمہ وقت موجود ہوں گی۔ جامع المنہاج میں ہزاروں مرد جبکہ منہاج القرآن گرلز کالج میں خواتین معتکف ہوں گی۔ امسال حسب روایت بیرونی ممالک سے بھی سینکڑوں افراد معتکف ہوں گے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امسال نماز فجر کے بعد درس قرآن و تصوف دیں گے۔ شیخ الاسلام کے دروس اور خطابات سے بہتر انداز میں استفادہ کرنے کیلئے شہر اعتکاف میں تین LED سکرینز لگائی گئی ہیں تا کہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ شہر اعتکاف میں ساؤنڈ کا بہترین انتظام کردیا گیا ہے۔ منہاج آئی ٹی بیورو نےMINHAJ.TV کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونیوالی دیگر محافل اور سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا ہے اس طرح پوری دنیا میں بسنے والے مسلمان شہر اعتکاف میں ہونیوالے مختلف پروگرامز سے استفادہ کر سکیں گے۔ خواتین کی اعتکاف گاہ میں بھی دو بڑے سائز کی LED سکرینز لگا دی گئیں ہیں۔

ہزاروں معتکفین کیلئے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیاہے۔ کھانوں کی پکوائی اور روٹیاں لگنے کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ سحری اور افطاری کیلئے بنایا جانیوالا تازہ کھانا بروقت حلقوں میں پہنچ سکے اور ہر شخص مقررہ وقت پر سحر و افطار کرسکے۔ ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کردیا گیا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top